حکومت پنجاب نے صوبہ میں دالوں کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے محکمہ زراعت (توسیع) کے توسط سے تین سالہ پروگرام کا آغاز کردیا

جمعہ 6 فروری 2015 22:53

بھکر ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروری 2015ء) حکومت پنجاب نے صوبہ میں دالوں کی کاشت کو فروغ دینے کیلئے محکمہ زراعت (توسیع) کے توسط سے تین سالہ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس پر 148(ایک سو اڑتالیس) ملین روپے سے زائد لاگت آئے گی اور اس پروگرام کے تمام اضلاع میں ہر تحصیل کی سطح پر کاشتکاروں کو دالوں کیلئے زیر کاشت رقبہ اور پیداوار میں اضافہ کیلئے ڈرل مشینیں بذریعہ قرعہ اندازی پچاس(50) فیصد رعایتی قیمت پر فراہم کی جارہی ہیں۔

یہ بات ضلعی محکمہ زراعت کے زیر اہتمام منعقدہ قرعہ اندازی کی تقریب میں بتائی گئی جس کی صدارت ڈی سی او محمدزمان وٹو نے کی ۔تقریب میں ای ڈی او زراعت ڈاکٹر شریف مسیح ،ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع)اختر حسین ،زراعت آفیسر ٹیکنیکل ڈاکٹر امیر حسین ،زراعت آفیسر (توسیع) سجاد حسین اور ڈرل مشینوں کے حصول کیلئے اہل قرار دیے گئے کاشتکاروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حکومت پنجاب کے مذکورہ پروگرام کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے تحصیل بھکر،دریاخان ،کلورکوٹ اور منکیرہ کے چار خوش نصیب کاشتکاروں نے دالوں کی کاشت کیلئے ڈرل مشینیں حاصل کیں جن کیلئے حکومت پنجاب فی ڈرل چالیس(40) ہزار روپے کی سبسڈی دے گی۔ڈی سی او محمدزمان وٹو نے ڈرل مشینوں کے حصول کیلئے کامیاب قرار دیے گئے کاشتکاروں کو مبارک باددی اور ان سے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس فراخدلانہ اقدام سے بھرپور فائدہ اٹھاکر ضلع میں دالوں کی کاشت کو فروغ دینے کے منصوبہ کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔

متعلقہ عنوان :