مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بھر پور سفارتی مہم کی ضرورت ہے ،فیصل ممتاز راٹھور ،مرتضیٰ احمد خان درانی

بدھ 11 فروری 2015 16:45

نیو یارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11فروی 2015ء) )آزاد کشمیر کے وزیر برقیات برقیات فیصل ممتاز راٹھور اور مشیر اطلاعات مرتضیٰ احمد خان درانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیئے بھر پور سفارتی مہم کی ضرورت ہے بھارت کو سلامتی کونسل کا رکن بننے سے قبل مسئلہ کشمیر حل کرنا ہو گا اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری بھارت کو خطے کاٹائیکون بننے سے قبل اس سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت دلائے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے مجبور کرے لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں سماجی شخصیت عابد بٹ کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی صدارت قونصل پاکستان راجہ علی اعجاز نے کی جبکہ مہمانان خصوصی وزیربرقیات فیصل ممتاز راٹھوراور مشیر اطلاعات مرتضیٰ احمد خان درانی تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہاکہ وسائل کی کمی کے باوجود پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیئے انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں تین میڈیکل کالجز ،تین یونیورسٹیز ،اور اہم بڑی شاہراؤں کے عالمی معیار کے مطابق تعمیر سے تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کا وقار بلند ہوا انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارتی ہتھکنڈوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے گزشتہ نصف صدی سے کشمیری عوام نے اپنے لہو سے آزادی کی شمع کو روشن کیا وزیربرقیات فیصل ممتاز راٹھور نے افضل گورو شہید کی دوسری برسی پر بھارت کے مکرو عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک عظیم لیڈر کو بھارتی عوام کے ضمیر کو مطمن کرنے کے لیئے پھانسی پر لٹکادیا گیا انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ بھارتی تسلط سے آزادی کے لیئے کشمیری عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کے لیئے خوسفارتی محاذ پر بھرپور مہم کا آغاز کریں۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ امریکہ اور بھارت کے بڑھتے ہوئے تعلقات کشمیریوں کے لیئے باعث تشویش ہیں امریکہ کو مظلوم کشمیریوں کی پرامن تحریک آزادی کی سپورٹ کرنی چاہیے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعات مرتضیٰ احمد خان درانی نے کہا کہ پاکستان نے نامساعد حالات کے باوجود کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی و سیاسی محاذ پر کشمیری عوام کی بھرپور حمایت کی ہے۔

جس پر ہم حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ مرتضیٰ درانی نے یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل نہ کیا گیا تو خطہ کا امن تہہ و بالا ہو جائے گا ہندوستان کو حالات کا ادراک کرنا چاہیے بھارت ہٹ دھرمی سے زیادہ دیر تک کشمیریوں کو محکوم نہیں رکھ سکتا۔ تقریب سے پیپلز پارٹی کے صدر شفقت تنویر، جماعت اسلامی کے راہنما شمس الزمان، تحریک انصاف کے فیاض خان، مسلم لیگ (ن) کے راجہ عبدالرزاق، مشہور سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری سرور، خواجہ محمد فاروق، سینئر صحافی محسن ظہر، مجیب لودھی، پاکستان پوسٹ سے خرم راجہ، محمد خلیل ارڈو، منظور الہیٰ، ظفر سیرا، شفیق صدیقی، خالق صدیقی، راجہ ضمیر، راجہ آزاد، اقبال کھوکھر اور میزبان تقریب عابد بٹ نے بھی خطاب کیا۔

دریں اثناء میڈیا نمائندگان سے میٹنگ کے دوران وزیر برقیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور مشیر اطلاعات مرتضیٰ احمد خان درانی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی تحریک انصاف میں شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف بنانا بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا حق ہے۔ ہم آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ بیرسٹر سلطان چوہدری نے پیپلز پارٹی سے بے وفائی کر کے کوئی نئی بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک سمندر ہے اور کسی کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا۔ ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی پوری قوت کے ساتھ لڑے گی۔ پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی متحد ہے اور ہم قیادت کے فیصلوں کے ساتھ ہیں۔ وزیر برقیات و مشیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو وزارت عظمیٰ اور جماعتی صدارت سے نوازالیکن انہوں نے پیپلزپارٹی سے وفا نہیں کی جس کو سیاسی او رسماجی حلقے قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھتے ۔