چیف الیکشن کمشنر نے میرپور ایل اے3-میں ضمنی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے ‘الیکشن شیڈول کے بعد وزیراعظم کامیرپور میں بیٹھ کر مجوزہ الیکشن کو دھاندلی کے ذریعے جیتنے کیلئے سرکاری وسائل اور آفیسران کو استعمال کرنا سراسر غیر آئینی اور غیر قانونی ہے ‘چیف الیکشن کمیشن فوری نوٹس لیں‘چیف الیکشن کمشنر سرکاری مداخلت کا فوری سد باب کرکے آئینی کردار ادا کرکے چوہدری مجید کو پابند کریں کہ وہ میرپور کے حلقہ میں سرکاری وسال اور سرکاری اثر رسوخ کے استعمال سے باز رہیں

مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا بیان

منگل 17 فروری 2015 17:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروی 2015ء) مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے میرپور ایل اے3-میں ضمنی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے اور الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر مسلسل میرپور میں بیٹھ کر مجوزہ الیکشن کو دھاندلی کے ذریعے جیتنے کیلئے سرکاری وسائل اور آفیسران کو استعمال میں لا رہے ہیں جو کہ سراسر غیر آئینی اور غیر قانونی ہے اور چیف الیکشن کمیشن کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سرکاری مداخلت کا فوری سد باب کرتے ہوئے اپنا آئینی کردار ادا کریں اور چوہدری مجید کو پابند کریں کہ وہ میرپور کے حلقہ میں سرکاری وسال اور سرکاری اثر رسوخ کے استعمال سے باز رہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چوہدری مجید نے الیکشن شیڈول کا الیکشن ہوتے ہی میرپور میں ایک طرح کا بازار مصر لگا رکھا ہے لیکن مسلم لیگ(ن) عوام کی طاقت سے یہ الیکشن جیتے گی۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے گذشتہ عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کومنظور وٹو پلان کے تحت پری پول رگنگ کے ذریعے ہرایا گیاتھا اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی نگرانی میں آزاد کشمیر کے لوگوں کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار سال بیرسٹر سلطان محمود چوہدری وزارت عظمیٰ کے لالچ میں پیپلز پارٹی کے شریک جرم تھے اوربالخصوص وہ میرپور کے لوگوں کے مجرم ہیں اور عوام حلقہ کے حقوق کے تحفظ کے بجائے گذشتہ چار سال بیرون ملک دوروں پر گذار دئیے اور حلقہ کے لوگوں کی خبر تک نہ لی ۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں ہمیں دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا اور ہم نے بطور احتجاج جمہوری نظام کے استحکام کیلئے اپوزیشن میں بیٹھنا قبول کیا اور اس کے بعد آزاد کشمیر کے ضمنی انتخابات میں ثابت کیا کہ مسلم لیگ(ن) ہی آزاد خطہ کی نمائندہ جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر میں نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کر رہی ہے، ہم ضمنی الیکشن میں میرپور کے عوام کی حقوق کی بحالی کیلئے بھرپور حصہ لیں گے اور میرپور میں ایک بار پھر مظفر آباد اور بلوچ کی تاریخ دہرائی جائیگی۔