مسئلہ کشمیر اب یورپی یونین، یورپی پارلیمنٹ میں اٹھانے کی نہج تک پہنچ چکا ہے، بیرسٹر سلطان محمود چودھری

جمعرات 19 فروری 2015 16:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروی 2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیرکے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اب اس نہج پر پہنچ چکا ہے اسکو یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے کیونکہ کشمیری عوام اب مایوس ہوتے جارہے ہیں کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات بھی نہیں ہو رہے اور عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر پر بحث نہیں ہو رہی۔

لہذا یورپی یونین انٹراء کشمیر ڈائیلاگ کے لئے اقدامات اٹھائے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل میں پیش رفت ہو سکے۔کسی بھی جگہ کے لئے منصفانہ انتخابات اہمیت رکھتے ہیں لہذا یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ آزاد کشمیر کے ضمنی انتخابات پر بھی نظر رکھے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پر ممبر یورپی پارلیمنٹ اور پاکستان کے 2013 ء کے انتخابات میں یورپی یونین آبزرور مشن کے سربراہ مائیکل گیلر سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جرمن ایمبیسی کے ڈپٹی سفیر پیٹر فیلٹن(Peter Felton) بھی موجودتھے۔ اس موقع پر مائیکل گیلر نے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کو بتایا کہ انکی وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف سے بھی ملاقات ہوئی ہے اور اس ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے اور میں آئندہ بھی مسئلہ کشمیر کو دیگر عالمی فورمز پر بھی اٹھاتا رہوں گا۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ اگرچہ مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں انتخابات تو ہوئے لیکن آل پارٹیز حریت کانفرنس نے ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا اور جسکے نتیجے میں بی جے پی کو فراڈ انتخابات میں اکثریت نہیں ملی جس پر مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج نافذ کر دیا ۔

لیکن اب بھی مودی حکومت سازشوں میں مصروف ہے اور کشمیری عوام پر ظلم و بربریت ڈھانے میں مزید اضافہ کردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر ہمیشہ آواز اٹھائی ہے اور جب اوڑی میں اجتماعی قبروں کی دریافت ہوئی تو یورپی پارلیمنٹ نے اس پر مذمتی قرارداد پاس کی تھی اور بھارت سے اس پر تحقیقات کا مطابلہ کیا تھا اسلئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے یورپی پارلیمنٹ اور یورپی یونین اپنا کردار ادا کریں۔