اہل میرپور نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے مخالفین شکست دیکھ کر بوکھلا چکے ہیں ‘زرداری نواز ملکر میرپور کو نمائندگی سے محروم رکھنا چاہتے ہیں ‘ان کا یہ خواب پورا نہیں ہوگا ‘میرپور کے غیور اور غیرت مند شہریوں نے مفاداتی ٹولے کو مسترد کر دیا ہے ‘ضمیر فروش میرپور کے لوگوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے

سابق وزیراعظم صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر بیرسٹر سلطان چوہدری کا الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب‘کارنر میٹنگ سے خطاب

ہفتہ 14 مارچ 2015 17:47

میرپو ر( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء ) سابق وزیراعظم آزادکشمیر ،صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اہل میرپور نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے مخالفین شکست دیکھ کر بوکھلا چکے ہیں ۔زرداری نواز ملکر میرپور کو نمائندگی سے محروم رکھنا چاہتے یں مگر ان کا یہ خواب پورا نہیں ہوگا کیونکہ میرپور کے غیور اور غیرت مند شہریوں نے مفاداتی ٹولے کو مسترد کر دیا ہے ضمیر فروش میرپور کے لوگوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھمبال چوک میں سابق کونسلر چوہدری محمد ریاست کی طرف سے قائم حلقہ ایل اے تھری کے سب سے بڑے الیکشن آفس کے افتتاح اور کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جس کی صدارت حاجی اقبال نے کی جبکہ سابق میئر ہائی ویکمب چوہدری لیاقت علی ،سابق چیئرمین ادارہ ترقیات چوہدری محمد صدیق ایڈووکیٹ ،چوہدری عثمان صدیق ایڈووکیٹ ،چوہدری فیصل پرویز ،چوہدری کامران غالب ڈاکٹر لطیف نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر PMLNکے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ملک امتیاز اعوان ن لیگ کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلیان کھمبال نے میرے دل جیت لیے ہیں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر نے والے کبھی بھی مایوس نہیں ہونگے ۔مخالفین کو پولنگ ایجنٹ بھی نہیں ملے گا انہوں نے کہاکہ دو حکومتیں مل کر ہرانا چاہتی ہیں اس کے ساتھ ہمیں سندھ ،پنجاب ،وفاق ،آزاد حکومت کے ساتھ زرداری نواز میرپور فتح کرنا چاہتے ہیں مودی بھی چاہتا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود ہار جائے کیونکہ اسے کشمیر کاز اجاگر کرنے سے تکلیف ہے ۔

67برس سے بھارتی حکومت کو اتنی پریشانی نہیں ہوئی جتنا وہ ملین مارچ سے پریشان ہوا اور وہ اسے ملتوی کروانے کیلئے تمام ہتھکنڈے استعمال کیے مگر اسے برطانیہ نے مسترد کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکومت نے لوٹ مار کی انتہا کر دی کرپشن میں لت پت حکومت کو مجھ سے ہی تکلیف تھی ۔میرپور کے لوگ غیرت مند ہیں وہ ان بہروپیوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔

مجید چالیس دن در در پھر رہا ہے آج کھمبال والوں نے اس کا چالیسواں کر دیا ہے ۔16سیکرٹری 13سٹے آرڈر پر چل رہے ہیں مجید پھر کون سی حکومت چلا رہا ہے میرے استعفےٰ کی وجہ سے آج وہ در در پھر رہا ہے میرپور کے لوگ اس کی بد معاشی نہیں چلنے دینگے ۔اس موقع پر چوہدری صابر حسین ،چوہدری عجائب ،ذوالفقار بٹ ،کامران بٹ ،چوہدری امجد بھی پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ۔