یوم پاکستان نے پوری قوم کو یک جا کر دیا ، اب ملک دشمنوں کو کسی کونے میں بھی پناہ نہیں ملے گی ، پاک فوج کی پریڈ نے عزم کو جوان اور روح کو تازہ کر دیا ہے ،ہماری قوم دنیا کی بہترین قوم اور ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ، ایما ن ،اتحاد ،تنظیم ہماری نشان منزل ہے ، ملک کی ترقی یکجہتی میں ہے مل جل کر آگے بڑھنا ہے

وزیر اطلاعات زراعت ،لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی کی یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو

پیر 23 مارچ 2015 14:26

ٓاسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء ) وزیر اطلاعات، زراعت ،لائیو سٹاک و ایسما سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ یوم پاکستان نے پوری قوم کو یک جا کر دیا ہے اب ملک دشمنوں کو کسی کونے میں بھی پناہ نہیں ملے گی ۔پاک فوج کی پریڈ نے عزم کو جوان اور روح کو تازہ کر دیا ہے ،ہماری قوم دنیا کی بہترین قوم اور ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے ۔

ایما ن ،اتحاد ،تنظیم ہماری نشان منزل ہے ۔ملک کی ترقی یکجہتی میں ہے مل جل کر آگے بڑھنا ہے اور دنیا کو بتانا ہے کہ جنوبی ایشیا ء میں کوئی بھی فیصلہ پاکستان کی مرضی اور منشا کے بغیر نہیں ہو سکتا ۔قائد اعظم محمد علی جناح ،علامہ محمد اقبال ،محترمہ فاطمہ جناح ،ذوالفقار علی بھٹو ،محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہو چکی ہے اب ملک دشمنوں کو کہیں بھی جائے پناہ نہیں ملے گی ۔پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادروں نے دفاع وطن کے لئے لازوال اور بے مثال قربانیاں دی ہیں ۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ آج کے دن پاک فوج کی پریڈ نے ہمارے دلوں کو گرما دیا ہے اور یہی وہ جذبہ ہے جو ہماری قوم میں موجود ہے بس صرف اسے بیدار کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے اور یہی ہماری کامیابی کا راز ہے اب ہمیں اس اتحاد کو قائم رکھنا ہے تاکہ کامیابیوں کا یہ سفر جاری رہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے بعدملک میں یوم پاکستان جوش و جذبے اور پوری تیاریوں کے ساتھ منایا گیا جسے دیکھ کر دل خوش ہو گیا ہے لانہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم وطن کی حفاظت کے لئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

سید بازل علی نقوی نے کہا کہ پاک فوج نے دفاع وطن کے لئے ہر مشکل گھڑی اور ہر نازک سے نازک موڑ پر قوم کو کبھی بھی مایوس نہیں کیا اور ان کی امیدوں پر پوری اتری ہے ۔انہو ں نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال اور قدرتی آفت کے موقع پر بھی پاک فوج اپنے عوام کے شانہ بشانہ موجود ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے لوگوں کو حوصلہ ملتا ہے اور وہ فوجی جوانوں کی موجودگی میں خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی برفانی چوٹیوں سے لے کر سیاچن گلیشئر کے مشکل ترین محاذ تک ہر جگہ پاک فوج مستعد اور چوکنا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ عوام اس لیے سکون کی نیند سوتی ہے کہ ہماری فوج سرحدوں پر موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایسے دشمن کا سامنا ہے جو ہم میں ہی چھپا ہو اہے مگر قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اپنی فوج کے شانہ بشانہ اس جنگ میں شامل رہے گی اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرے گی ۔وزیر اطلاعات نے عزم کیا کہ ہم ملک دشمنوں کے خلاف اس جنگ کو ہر حال میں جیتیں گے اور ہماری قوم اس میں سرخرو ہوگی ۔انشاء اللہ فتح پاکستان کی ہوگی اور دشمن ناکام ونامراد رہے گا ۔