ایم کیو ایم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی  طاہر کھوکھر

منظم سازش کے تحت ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے  بیان الطاف حسین کی قیادت کی متحد و منظم ہیں  منزل کے حصول تک حق پرستی کی جدوجہد جاری رہے گی ایم کیو ایم آزاد کشمیر

اتوار 3 مئی 2015 16:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھر نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات نے ثابت کردیا ہے کہ ایم کیو ایم ملک کی تیسری بڑی مسلمہ سیاسی قوت ہے ‘ جس کے صرف شہری سندھ میں چار کروڑ ‘ جبکہ پنجاب ‘ پختونخواہ‘ بلوچستان‘ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی لاکھوں چاہنے والے موجود ہیں لیکن ایک مرتبہ پھر ایک ایس پی لیول کے گریڈ 18 کے بدنام آفیسر کو سامنے لاکر کروڑوں عوام کی نمائندگی کرنے والی ایم کیو ایم کو غدار اور ملک دشمن قراردینا صدی کابدترین اور بھونڈا مذاق ہے جس سے کروڑوں لوگوں کی دل آزاری ہوئی ‘ ایم کیو ایم کی قیادت بالخصوص قائد تحریک الطاف حسین بھائی درجنوں مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ اگر ایم کیو ایم کا کوئی کارکن ٹارگٹ‘ بھتہ خوری یا دیگر کسی جرم میں ملوث ہے تو اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ‘ ایم کیو ایم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی لیکن آئے روز کسی مجرم کو میڈیا کے سامنے پیش کر کے ملک کی تیسری بڑی سیاسی قوت کیخلاف مذموم پروپیگنڈا اور بیہودہ الزامات اس بات کا غماز ہیں کہ ایک منظم سازش کے تحت ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

اگر ایک ایس پی نے ہی محب الوطنی کے سرٹیفیکیٹ دینے ہیں یا کروڑوں لوگوں کے قائد‘ درجنوں ایم این ایز‘ درجنوں ایم پی ایز ‘ سینیٹرز جو لاکھوں عوام کے منتخب نمائندے ہیں کو غدار قرار دینا ہے تو پھر عدالتیں کس مقصد کیلئے قائم کی گئی ہیں ملک کی تمام عدالتیں بند کردی جائیں اور پولیس کو عدالتی اختیارات بھی دے دےئے جائیں تاکہ صرف چند لوگوں کے سوا کوئی اپنی مرضی سے سانس بھی نہ لے سکے۔

ایک بیان میں طاہرکھوکھر نے کہا کہ ملک میں روزانہ سینکڑوں لوگ مختلف جرائم میں پکڑے جاتے ہیں ان میں سے ہر ایک کا تعلق کسی نہ کسی سیاسی جماعت سے ہوتا ہے انہوں تو کوئی میڈیا کے سامنے پیش نہیں کرتا نہ ہی ان کے اقبالی بیانات کیمروں کے سامنے پوری دنیا کو دکھائے جاتے ہیں تو پھر ساری توپوں کا رخ ایم کیو ایم کی جانب کیوں موڑ دیاگیاہے صرف اس لئے کہ یہ مظلوموں ‘ غریبوں ‘ بے کسوں ‘ محنت کشوں کی بات کرتی ہے ۔

عوام خود باشعور ہیں وہ خود فیصلہ کریں اور میڈیا اور اپنے سیاسی قائدین سے پوچھیں کہ ساٹھ سالوں میں کس جماعت نے کتنوں کارکنوں کو ٹکٹ دے کر اسمبلیوں میں پہنچایا تو جواب نفی میں ملے گا ۔ یہ صرف ایم کیو ایم ہی ہے جو صرف غریبوں کی بات نہیں کرتی ‘ نعرے نہیں لگاتے بلکہ غریبوں کو ٹکٹ دے کر اسمبلیوں میں بھی بھیجتی ہے اور ملک کے سب سے باشعور اور پڑھے لکھے طبقہ کی نمائندگی کرتی ہے ۔

مذموم پروپیگنڈا کا مقصد صرف غریبوں کو کچلنا ہے تاکہ کوئی بھی غریب باپ کابیٹا اقتدار کے ایوانوں میں جاگیرداروں‘ صنعت کاروں‘ وڈیروں اور موروثی سیاستدانوں کے مقابلے میں نہ بیٹھے کیونکہ اگر یہ روایت جڑ پکڑ گئی تو عوام خود وڈیروں‘ جاگیرداروں اور شریفوں کو اقتدار کے ایوانوں سے اٹھا کر باہر پھینک دیں گے ۔ طاہرکھوکھر نے ملک کے باشعور عوام سے اپیل کی کہ ایم کیو ایم کیخلاف سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے وہ کردار ادا کریں اور ملک بھر میں جاگیرداروں او ر سیاسی وڈیروں سے اپنے حقوق مانگیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے یہ سازشیں کوئی نہیں بات نہیں ہم قائد تحریک الطاف حسین کے سپاہی ہیں جنہوں نے ہمیں مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے مشکلات کا مقابلہ کرنے کا سبق دیا ہے ‘ ہم الطاف حسین کی قیادت کی متحد و منظم ہیں اور منزل کے حصول تک حق پرستی کی جدوجہد جاری رہے گی۔