پاک فوج ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اظہر حسین گیلانی

ملک کے استحکام اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے افواج پاکستان کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا میڈیا سے گفتگو

اتوار 3 مئی 2015 16:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3مئی۔2015ء) وزیر قانون وآبپاشی اظہر حسین گیلانی نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے۔ملک کے استحکام اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے افواج پاکستان کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے اس کے مثبت نتائج مرتب ہورہے ہیں۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الطاف حسین کی طرف سے ملک اور پاک فوج کے خلاف بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل برداشت قراردیا ہے۔ اظہر حسین گیلانی نے کہاکہ الطاف حسین کی تقریر پر پوری قوم میں غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ریاست اور قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی شدیدمذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فوج نے ملک کی سا لمیت اور استحکام کو یقینی بنایا افواج پاکستان کے کردار پر پوری پاکستانی وکشمیری قوم کو فخر ہے ۔

انہوں نے اس موقع پر موجودہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مکروہ عزائم جلد خاک میں مل جائیں گے‘بھارتی سامراج نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی افواج کے ذریعے ظلم وبربریت کی انتہاء کررکھی ہے انہوں نے اقوام متحدہ کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو کشمیر کے مسئلہ پر روایتی ہٹ دھرمی ترک کرنی ہوگی ۔

کشمیریوں نے ہمیشہ بھارتی بربریت کیخلاف آواز بلند کی‘ 67سالوں سے تحریک آزادی کی خاطر جانوں کی قربانیاں دینے والے کشمیری آج بھی آزادی کے منتظر ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام نے سبز ہلالی پرچم لہرا کر اپنی منزل کا تعین کرلیا ہے۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد مقبوضہ وادی سے اپنی افواج کا انخلاء کرے تاکہ خطہ میں پائیدار امن ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :