وقت نے ثابت کردیا ہے پاکستان میں 2013کے انتخابات آراوز کے تھے ،حقائق چند دن تک سامنے آجائینگے،راجہ پرویز اشرف

پیپلزپارٹی کو کمزور کہنا پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں، پیپلزپارٹی آصف زرداری کی قیادت میں چٹان کی طرح کھڑی ہے وزیراعظم آزادکشمیر کی قیادت میں آزادکشمیر میں جو ترقیاتی کام ہوئے ان کی مثال 60سالہ تاریخ میں نہیں ملتی ، عوام آزادکشمیر میں آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کو کامیاب کروا ئیں گے کارکن ہر موسم ،حالات و مشکلات کا سامنا کرسکتے ہیں ، سابق وزیراعظم پاکستان کا اجتماع سے خطاب

پیر 11 مئی 2015 17:36

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما وسابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان میں 2013کے انتخابات آراوز(ریٹرنگ آفیسران) کے انتخابات تھے جس کے حقائق چند دن تک سامنے آجائیں گے جس کے بعد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔پیپلزپارٹی کو کمزور کہنا پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں پیپلزپارٹی آصف علی زرداری کی قیادت میں چٹان کی طرح کھڑی ہے ان خیالات کااظہا انہوں نے مظفرآباد میں حلقہ 4کے ورکرز کنونشن اور سردار مولوی صادق کی برسی کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں آزادکشمیر میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں ان کی مثال ساٹھ سالہ تاریخ میں نہیں ملتی یونیورسٹیاں بنیں کالجز بنے میڈیکل کالجز بنے شاہرات بنی لوگوں کو ملازمتیں دی گئیں اس کا صلہ عوام آزادکشمیر میں آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی کو کامیاب کروا کر دیں گئے انہوں نے کہاکہ جس طرح خراب موسم کے باوجود پارٹی ورکرز نے جس طرح سینہ تان کر کھڑے ہیں یہ اس بات کاثبوت ہے کہ ہمارے کارکن ہر موسم ،حالات اور مشکلات کا سامنا کرسکتے ہیں انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہوگا نریند ر مودی کا بتا دیناچاہتا ہوں کہ کشمیر میں آٹھ لاکھ کے بجائے آٹھ کروڑ فوج لے آؤ تم کشمیریوں کی جدوجہد کو کچل نہیں سکتے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے 22 کروڑ عوام اور افواج پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں مودی جتنی مرضی فوج لے آؤ پنڈت بساؤ کشمیری آزادی لے کر رہیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکرز شہید ذوالفقار علی بھٹو کے افکار کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی اس وقت آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے۔ مولوی محمد صادق خان پیپلز پارٹی کا سرمایہ تھے۔ اُن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا کیا ہے۔ جب میرپور میں میڈیکل کالج کا اعلان ہوا میں اس وقت تک نہیں اٹھا جب تک پارٹی کے چیئرمین نے مظفرآباد کیلئے بھی میڈیکل کالج دینے کا اعلان نہیں کیا ہم نے علاقے اور برادری کی سیاست نہیں کی بلاتخصیص ترقیاتی کام کروائے۔

ہر حلقہ میں 100 کلومیٹر سڑکات دیں۔ جسکی مثال نہ ملتی ہے اور نہ ہی آئندہ ملے گی۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر، قتل و غارت کروا رہا ہے لیکن کشمیریوں کی تحریک کو دبا نہیں سکا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا اور افواج پاکستان کے سپہ سالار کو سلام پیش کرتے ہیں۔ جنہوں نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کر کے کشمیریوں کی حوصلہ افزائی کی۔

چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کر کے ثابت کر دیا کہ کشمیری تنہا نہیں پاکستان پیپلز پارٹی ان کے ساتھ ہے۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے سٹیج پر آتے ہی کارکنان سے نعرے لگوائے اور اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کیا۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے صدر پاکستان کی حیثیت سے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کر کے ثابت کر دیا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے کشمیر کیلئے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا جو اعلان کیا تھا پیپلز پارٹی آج بھی اس پر کاربند ہے۔ سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

پیپلز پارٹی اور مسئلہ کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔ تقریب کے میزبان و سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک نظریے کا نام ہے۔ پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارکن جماعت کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ورکز کارکن جماعت کا سرمایہ ہیں۔

جماعت کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے کارکن بھرپور کردارادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سردار مولوی محمد صادق نے ساری زندگی پیپلز پارٹی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ مرحوم ساری زندگی ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن کو لے کر آگے بڑھتے رہے۔ آج کے دن ان کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی۔ مسئلہ کشمیر پیپلز پارٹی کے منشور میں سرفہرست ہے۔

پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کیا ہے۔ جلسہ سے آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین، آزاد کشمیر کے وزراء حکومت، سید بازل علی نقوی، چوہدری محمد رشید، مطلوب انقلابی، ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار، صدر پیپلز پارٹی ضلع مظفرآباد اختر پرویز اعوان، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر، فضل الرسول طاہر، شوکت وسیم، چوہدری اعجاز اقبال، امتیاز اعوان، سردار اقبال، راجہ امتیاز،رزاق اعوان، ساجد عزیز، الیاس اعوان، سرانداز خان، تسلیم عباسی، سردار صابر، راجہ نصیر، محمود قریشی، راجہ امتیاز، راشد منیر ایڈووکیٹ، افسر سجاد، شجاعت عباس، چوہدری شہزاد، چوہدری شاہنواز، چوہدری ریاض قاسم و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر پیپلز پارٹی حلقہ 4 کی پی۔

ایس۔ایف، پی۔وائی۔او، خواتین، لائرز ، لیبر ونگز کے علاقہ عوام کی ایک کثیر تعداد بھی موجود تھی۔