شہداء کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے، شبیر شاہ

جمعہ 22 مئی 2015 19:35

سرینگر۔ 22 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما اورجموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ کشمیری شہداء کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور دنیا اس تنازعہ کے حل کیلئے آواز آٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا دانشور طبقہ بھی یہ بات تسلیم کرتا ہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی مبنی برحق آواز کو دبانے کے لیے مقبوضہ کشمیر کوجیل خانے میں تبدیل کر دیا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے ضلع کپواڑہ کے علاقے اشہ پورہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ جموں وکشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا ہے بلکہ اس نے اس پر صرف اور صرف طاقت کے بل پر قبضہ جما رکھا ہے۔

(جاری ہے)

شبیر احمد شاہ نے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 67برس سے کشمیریوں کا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دبا رکھا ہے اور کشمیر میں اس کی طرف سے بڑے پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کے بھارتی دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بھارت یا بھارتی عوام سے کوئی ذاتی عناد یا ضد نہیں ہے بلکہ وہ محص اپنا حق مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے اور بھارتی حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ ضد اور ہٹ دھرمی کا راستہ ترک کر کے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل سے ہی بھارتی عوام کی ترقی کی راہیں بھی کھلیں گی اور پورا خطہ خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں شہداء اور جیلوں میں غیر قانونی طور پر سالہا سال سے نظر بند کشمیری ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ بھارت کے تمام تر جبر و استبداد کے باوجود کشمیر پرعزم ہیں اور وہ اپنی جد وجہد مقصد کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ شبیر احمد شاہ کے ساتھ اس موقع پر مولانا بشیر احمد ، پیر عنایت اللہ ، وحید احمد اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے دیگر رہنما اور کارکن بھی تھے۔۔دریں اثنا ڈیموکری ٹک فر یڈم پا رٹی کے مختار احمد صوفی نے اسلام آباد کے علاقے سیر ہمدان جبکہ مشتاق احمد نے بیج بہاڑہ میں عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔