مسلح بھارتی ایجنٹو ں نے سوپور میں شہری کو قتل کردیا

سید علی گیلانی اور متحدہ جہاد کونسل کی مذمت

بدھ 27 مئی 2015 20:15

سرینگر ۔ 27مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مسلح ایجنٹوں نے سوپور قصبے میں ایک اور عام شہری کو قتل کردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی زیر سرپرستی مسلح افراد قصبے کے علاقے ڈورومیں غلام حسن ڈار کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

غلام حسن ڈارنے جو جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے بلاک صدر تھے نے موبائل فون کمپنی کو ٹاور کے لیے زمین کرایے پر دی تھی۔ پیر کو بھارت کے مسلح ایجنٹوں نے سوپور کے شاہ فیصل مارکٹ میں بی ایس این ایل کے فرنچائز پر حملہ کرکے 23سالہ رفیق اکبر ہانجی کو قتل اور دو افراد کو زخمی کردیا تھا۔مسلم کانفرنس کے رہنما جہانگیر غنی بٹ نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے پارٹی کے بلاک صدر غلام حسن ڈار اور ایک شہری رفیق اکبر ہانجی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے غیر انسانی فعل کشمیریوں کی تحریک آزادی کو نقصان پہنچانے اور اسے بدنام کرنے کے لیے انجام دیے جاتے ہیں اوریہ بھارت کی خفیہ ایجنسیوں کا کام ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر حریت رہنماؤں نے دونوں افراد کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی اورمتحدہ جہاد کونسل نے اسے دہشت گردی قرار دیکر بھارتی ایجنسیوں کی کارستانی قراردیا ہے جبکہ جموں و کشمیر کوئلیشن آف سول سوسائٹی کے رکن خرم پریز نے بھی شہریوں کے قتل کی مذمت کی ہے۔ دریں اثناء بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوان آیت اللہ بٹ کے قتل کے خلا ف ضلع کولگام کے علاقوں چنی گام، یاری پور ہ اور قیموہ میں بھارت کے خلاف مظاہر ہ کرنے والوں پر پولیس نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے متعدد افراد کو زخمی کردیا۔ عین شاہدین کا کہنا ہے کہ بھارت کی مسلح پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے پھینکے، پیلٹ گن سے فائرنگ کی اورلاٹھی چارج کیا۔

متعلقہ عنوان :