مسئلہ کشمیر پر برطانیہ کی اسی پارلیمنٹ میں پیش رفت ہوگی، مسئلہ حل ہوگا، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کئے جانے کی تجاویز زیر غور ہیں، برطانوی ممبران پارلیمنٹ

جمعرات 28 مئی 2015 17:32

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 مئی۔2015ء) برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے اراکین نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پربرطانیہ کی اسی پارلیمنٹ میں پیش رفت ہوگی اور مسئلہ کشمیر حل ہو گا۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کے لندن ملین مارچ میں جسطرح ہم سب ممبران پارلیمنٹ نے شرکت کی تھی اسی طرح کی دیگر تجاویز بھی زیر غور ہیں جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مزمت اورمسئلہ کشمیر کا اجاگر کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے برطانوی پارلیمنٹ کی آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے برطانوی انتخابات کے بعدبرطانوی پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز میں ہونے والے پہلے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ساٹھ سے زائد برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے چئیرمین اینڈریو گرفتھس (Andrew Grifiths)نے کی ۔جبکہ آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اجلاس سے خطاب کے لئے بطور مہمان خصوصی دعوت دی گئی تھی۔

اس موقع پربیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے برطانوی انتخابات میں جن امیدواروں کی حمایت کی تھی ان میں سے اکثر کامیاب ہو چکے ہیں نے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھیں گے ۔اس اجلاس کی اہمیت اس لئے بھی مزید بڑھ گئی کیونکہ اسی روز ملکہء برطانیہ نے بھی برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کیا ۔

جبکہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھی اسی روزبرطانوی پارلیمنٹ میں آل پرٹیز کشمیر کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کیا۔جبکہ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اتنی بڑی تعداد میں کبھی بھی برطانوی ممبران پارلیمنٹ آ ل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہو ئے۔اس اجلاس میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ MP,Jhon Cryer MP,Jeff Smith MP,Alex Cunningham MP,Flick Drummond MP,Imran Hussain MP,Andrew Stephenson MP,Sir Gerald Koafman MP,Kelvin Hopkins MP,Steve Baker MP,Julian Strudy MP,Andy McDonald MP,Stella Creasy MP,Stewart Jackson MP,Jess Phillips MP,Alan WhiteheadMP,Kahlid Mahmood MP,Jack Dromey MP,Katherine Moor MP,Judith Cummins MP,Holly Lynch MP, Paula Sherrif MP, Naz Shah MP,,Rob Wilson MP,Jo Cox MP, Lord Nazir Ahme, Lord Qurban, Julie Cooper Mp Andrew Grifths MP,Richard Bugon اور دیگرممبران پارلیمنٹ کے علاوہ پورے برطانیہ سے منتخب مئیرز و کونسلرز اور دیگر زعماء نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اب فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکا ہے اور اب دنیا مسئلہ کشمیر کو سمجھنے لگی ہے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سلسلے میں مزید تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے۔ جبکہ ناروے، جرمنی، کینیڈا برطانیہ اور دنیا کی دیگر پارلیمان سے مسئلہ کشمیر پر حمایت یکجا کرکے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، یورپی یونین کے صدر، امریکی صدر اوبامہ اور دیگر سے جا کر خود ملیں اور مسئلہ کشمیر کے حل پر بات کریں۔

میں آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کا مشکور ہوں کہ انھوں نے اسلسلے میں میرا بھرپور ساتھ دیا اوراب ضرورت اس امر کی ہے کہ برطانوی ممبران پارلیمنٹ اور دیگر پارلیمان کے وفود خود جا کر ملاقاتیں کریں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پیش رفت پر زور دیں۔اسی طرح برطانیہ میں مقیم کشمیری بھی یہی چاہتے ہیں اور آپ لوگ انکے حلقوں سے تعلق رکھتے ہیں لہذا وہ آپکے ووٹر ہونے کی حیثیت سے بھی یہ چاہتے ہیں کہ آپ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کریں۔

اس موقع پر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے اجلاس میں شریک برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو منتخب ہو نے پر مبارک باد بھی دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب ممبران برطانوی پارلیمنٹ پہلے کی طرح اب بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں کریں گے۔اس موقع پر آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے چئیرمین اینڈریو گرفتھس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کو میرپور کا ضمنی انتخاب جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور وہ اچھی قسمت لے کر یہاں آئے اور ہم بھی انکی حمایت سے یہاں پر دوبارہ کامیاب ہوئے۔

ہم بیرسٹرسلطان محمود چوہدری سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کریں گے۔ اس موقع پر فادر آف دی ہاؤس برطانوی ممبر پارلیمنٹ سر جیرالڈ کفمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں گیارہوں دفعہ ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوا ہوں اور میری یہ کوشش اور خواہش ہے کہ اس پارلیمنٹ کے دور میں مسئلہ کشمیر حل ہو ہم اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔

اس موقع پر برطانوی ممبر پارلیمنٹ مرزا خالد محمود نے کہا کہ ہم خود کشمیری ہیں اور بیرسٹرسلطان محمود چوہدری ہمارے لئے رول ماڈل ہیں اور انہیں کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ مسئلہ کشمیر اس وقت اہم موڑ پر داخل ہو چکا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں نئی تحریک کا آغاز ہو چکا ہے ۔ اس موقع پر نئے منتخب ہو نے والے برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے بھی بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کو مسئلہ کشمیر پر اپنی حمایت کا بھرپور یقین دلایا۔

جبکہ ہاؤس آف لارڈز کے اراکین لارڈ نذیر احمد اور لارڈ قربان نے کہا کہ آج بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کی انتھک کوششوں کی وجہ سے اتنے زیادہ برطانوی ممبران پارلیمنٹ آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہو ئے ہیں۔اس موقع پر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے اجلاس کے آخر میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میں اس دفعہ نیویارک سپریم کورٹ سے بھی مسئلہ کشمیر پر حمایت حاصل کرکے آیا ہوں انھوں نے تین چیزیں کہیں کہ ایک تو مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے اور سلامتی کونسل کی کشمیر پر قراردادیں اب بھی موثر ہیں اور تیسرا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لئے تیار ہیں۔

تمام پارلیمان کی مسئلہ کشمیر پر حمایت یکجا کرکے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں کی جانی چاہئیں۔