بھارت سے تجارت اور غیر مشروط دوستی کا دم بھرنے والے شہداء کشمیر کے مجرم ہیں،سید صلاح الدین

مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرا کر عوام نے عالمی اداروں کو پاکستان سے اپنی بے پنا ہ محبت اور وابستگی کا پیغام دیا ہے،پاکستان کی موجودہ عسکری اور سیاسی قیادت کشمیر کے معاملہ میں یکسو ہے ،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 29 مئی 2015 21:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 مئی۔2015ء) ممتازحریت پسند کشمیری راہنمااورمتحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بھارت ہمارا ازلی و ابدی دشمن ہے جس نے اب تک پاکستان پر تین جنگیں مسلط کی ہیں اور 71 ء میں اس نے پاکستان کو دولخت کیا تھا ،بھارت سے تجارت اور غیر مشروط دوستی کا دم بھرنے والے شہداء کشمیر کے مجرم ہیں مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرا کر عوام نے عالمی اداروں کو پاکستان سے اپنی بے پنا ہ محبت اور وابستگی کا پیغام دیا ہے،پاکستان کی موجودہ عسکری اور سیاسی قیادت کشمیر کے معاملہ میں یکسو ہے ،، بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز تسلط کے خلاف یک آواز ہو کر مقبوضہ کشمیر عوام جو جدوجہد کر رہے ہیں ، انشاء اﷲ ایک دن ان کی یہ کوششیں رنگ لائیں گی اور انہیں جلد آزادی نصیب ہو گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید صلاح الدین نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی اپنی قراردودوں پر عمل در آمد کرواتے ہوئے کشمیریوں کو بھارت سے حق خود ارادیت لے کر دے،متحدہ جہاد کونسل کو دہشت گرد قرار ددلوانے کے لئے یو این او جانا مودی سرکارکی ناکامی کا اعتراف ہے ہم مذاکرات کے مخالف نہیں مگر بھارت مذاکرات کے نام پرجہاد کشمیر کوسبوتاژ کرنا چاہتا ہے، آج بھی کشمیری نوجوان’’ کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کا نعرہ لگا کر سینے پر گولیاں کھا رہے ہیں،کشمیر میں 6ہزار اجتماعی قبریں ساڑھے پانچ لاکھ افرد شہید،ہزاروں خواتین کی عصمت دری اور اب تک کشمیریوں کی اربوں روپے کی املاک بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں تباہ ہو چکی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قائد اعظم کے فرمان کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے جبکہ بھارت پاکستان کی شہہ رگ سے خون چوس رہا ہے۔بھارت کشمیر میں بیٹھ کر پاکستان کی طرف بہنے والے دریاوں کا رخ اپنی جانب موڑ کر پاکستان کر بنجر کر دینے کے منصوبے کی تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے۔ انھوں نے کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی کشمیری ہر خوشی کے موقع پر پاکستان کا پرچم پورے کشمیر میں لہرا کر مناتے ہیں،16مئی کو پورے مقبوضہ کشمیر میں عوام نے ترنگا کی بجائے سبز ہلالی پرچم لہراکر بھارت کے چہرے پر کالک ملی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء کشمیر کی آزدی سے وابستہ ہے،بھارت 68برس میں بھی فوجی طاقت اور کشمیریوں پر طرح طرح کے مظالم ڈھا کر ان کی آواز کو نہیں دبا سکا۔ بھارت نے پاکستان کے وجود کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا وہ اکھنڈ بھارت کے نعرے لگاتاہے ۔۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں نے بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ، کشمیریوں کے قتل عام اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور کشمیریوں کو اقوا م متحدہ کی قرار دادوں کی منظوری کے بعد بھی ان کو حق خود ارادیت کے حق سے محروم رکھ کر یہ عالمی ادارے و عالمی طاقتیں برابر کی مجر م ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورکنگ باؤنڈری پر دیوار برلن کی طرز پر 145کلو میٹر طویل دیوار برہمن کی تعمیر بھارتی پاکستانی حکومت کے دوستی کے خواب کو چکنا چوراور بین الاقوامی و بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :