پیپلز پارٹی عوامی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے، ذوالفقار بھٹو شہید نے روٹی ، کپڑا ،مکان کا نعرہ لگایا، غریبوں کو حقوق دیئے ، چودھری محمد اشرف

جمعرات 18 جون 2015 16:41

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 جون۔2015ء) وزیراعظم آزادکشمیر کے معاون خصوصی چوہدری محمد اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے ۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا ،غریبوں کو انکے حقوق دیے۔ محترمہ بی بی رانی شہید نے جمہوریت کی بحالی کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

میرپور کی تعمیر وترقی ہر حال میں ہو گی۔میرپور کے سیاسی وارث ہم ہیں ۔لوگوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ میرپور کے تاجروں کا ساتھ چلنے اور تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آئندہ الیکشن میں پیپلزپارٹی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت بنائے گی۔ میرپور کی تمام سڑکات ترجیحی بنیادوں پر تعمیر ومرمت کی جا رہی ہیں۔جولائی تک لنک روڈز بھی مکمل ہو جائیں گی ۔

(جاری ہے)

میرپور کے لیے 50لاکھ روپے کی سپیشل گرانٹ منظور کروائی ہے جو میرپور حلقہ میں ترقیاتی کاموں پر خرچ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز نانگی اڈامیں روڈ کی تعمیر مکمل ہونے پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ میرپور خواجہ ساجد پہلوان ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ چوہدری بابر شہزاد بھی ہمراہ تھے۔

معاون خصوصی چوہدری محمد اشرف نے تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا بھی مانگی۔چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ بلدیہ میرپور اپنے محدود وسائل کے باوجود لوگوں کی فلاح وبہبود اور شہر کی تعمیر وترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ خواجہ ساجد پہلوان اور انکی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ شریک چےئرمین آصف علی زرداری، محترمہ فریال تالپور اور وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی دلچسپی سے میرپور کے ترقیاتی کام پایہ تکمیل ہو رہے ہیں۔

ا نھوں نے کہا کہ ممبراسمبلی کو حلقہ کے عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ حلقہ ایل اے تھری میں پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار ہیں ۔ مسائل زیادہ وسائل کم ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن میں تاجروں سے جو وعدہ کیا تھا وہ آج پورا کر دیا ہے اور دیگر کام بھی بلا تخصیص ہوں گے۔ افتتاحی تقریب میں میزبان تقریب انجمن تاجراں کے مرکزی صدر سہیل شجاع مجاہد، خورشید بٹ، منیر حسین، ریاض پراچہ، سید شبیر احمد، شیراز احمد، میر شکیل ، سید مقصود حسین شاہ،خالد رتیال ، خواجہ شاہد ، وحید ،نبیل کے علاوہ دیگر تاجروں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔معاون خصوصی چوہدری محمد اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کا منشور ہی عوامی خدمت ہے اور ہم اس منشور پر عمل پیرا ہیں ۔

متعلقہ عنوان :