مقبوضہ کشمیر سے آنیوالے مہاجرین جموں وکشمیر وجود کا حصہ ہیں ، چوہدری عبدالمجید

مہاجرین کے تمام معاملات کو یکسو کیا جائیگا ،ملازمتوں میں مہاجرین کے کوٹے پر عملدرآمد کیا جارہا ہے مسلح افواج ہماری عزتوں کی محافظ ہے،کشمیر یوں کے تحفظ کیلئے جوانوں نے برف پوش چوٹیوں پر لہو کے نذرانے پیش کئے، وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 23 جون 2015 17:16

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جون۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے آنے والے مہاجرین جموں وکشمیر ہمارے وجود کا حصہ ہیں آزادکشمیر میں انہیں مہاجر ہونے کا احساس نہیں ہونے دیں گے۔تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے مقبوضہ کشمیر سے آنے والے مہاجرین کی بڑی قربانیاں ہیں مہاجرین کے تمام معاملات کو یکسو کیا جائے گا اور ملازمتوں میں مہاجرین کے کوٹے پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

کشمیر یوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے جوانوں نے برف پوش چوٹیوں پر لہو کے نذرانے پیش کیے مسلح افواج ہماری عزتوں کی محافظ ہے ۔پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے دونوں اطراف کے کشمیری پاکستان کے استحکام کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی سنگینوں تلے پاکستان کے جھنڈے لہرا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

مسلح افواج کے شہداء اور کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے جرات مندانہ موقف اختیار کرنے پر مسلح افواج کے کمانڈر جنرل راحیل شریف کو خراج تحیسن پیش کرتے ہیں ۔

پاکستان کی مسلح افواج کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے پاکستان کی کوئی سیاسی جماعت مسلح افواج کے خلاف نہیں تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کے استحکام کے لیے متحد ہوں۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید یہاں مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کرنے والے مہاجرین 89کو حقوق ملکیت دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے تقریب سے وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر،وزیر بحالیات ماجد خان،وزیر زراعت سید بازل علی نقوی نے خطاب کیا ۔

جبکہ ڈپٹی کمشنر چوہدری فرید نے حقوق مالکانہ کے حوالے سے نوٹیفکیشن پڑھا تقریب میں وزیر تعلیم میاں عبدالوحید ،وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد، وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر،وزیر سیاحت عبدالسلام بٹ،وزیر سپورٹس سلیم بٹ،وزیر امور منگلا ڈیم محمد حسین سرگالہ، وزیر صنعت چوہدری اکبر ابراہیم،ممبر اسمبلی محترمہ مہرالنساء ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار نعیم شیراز،کمشنر مظفرآباد ڈویژن بشیر مغل اور دیگر اعلیٰ آفیسران اور مہاجرین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کا بیس کیمپ کشمیری شہداء کی امانت ہے کشمیری شہدا کے مقدس لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں نے پاکستان میں عدم استحکام اور کشمیریوں کے حقوق غصب کرنے کے لیے جارحانہ اقدامات شروع کررکھے ہیں اہل کشمیر بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیں گے۔

وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ مہاجرین 89کو مہاجر نہیں کہہ سکتا آزادکشمیر ان کا خطہ ہے وہ جہاں رہنا چاہیں رہ سکتے ہیں تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی کی حکومت مہاجرین کے تمام معاملات کو یکسو کرے گی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی آزادی کی منزل کو نہیں بھولے وہ بھارتی سنگینوں کے سائے تلے پاکستان کے جھنڈے لہرا رہے ہیں انہیں آزادی کی منزل سے کوئی دور نہیں رکھ سکتا۔

وزیر بحالیات ماجد خان نے تقریب سے خطاب میں مہاجرین کو حقوق ملکیت دینے پر وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر نے تحریک آزادی کے بیس کیمپ کے وزیراعظم ہونے کا ثبوت دیا ۔مہاجرین جموں وکشمیر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔وزیر بحالیات نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے چوہدری عبدالمجید کی سربراہی میں مہاجرین کے تمام معاملات یکسو کیے مہاجرین کے گزارہ الاؤنس میں اضافہ کے لیے حکومت پاکستان سے تحریک کررکھی ہے مہاجرین کے گزارہ الاؤنس میں اضافہ ضرور ہوگا۔

وزیر زراعت سید بازل علی نقوی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے مہاجرین کو حقوق ملکیت دے کر ثابت کردیا کہ بڑے کام صرف پیپلزپارٹی ہی کرسکتی ہے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت نے چار سال کے عرصے میں جو انقلابی اقدامات کیے وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے مقبوضہ کشمیر سے آنے والے مہاجرین 1989-90میں مالکانہ حقوق تقسیم کیے ۔

متعلقہ عنوان :