کشمیریوں کے ساتھ ہمارا کلمہ کا رشتہ ہے، عالمی اداروں سے مسئلہ کشمیر کے حل کی توقع نہیں رکھنی چاہئے، فیصل ندیم

پیر 13 جولائی 2015 22:59

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 جولائی۔2015ء) جماعة الدعوة سندھ کے مسئول فیصل ندیم نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ ہمارا کلمہ کا شتہ ہے، عالمی اداروں سے مسئلہ کشمیر کے حل کی توقع نہیں رکھنی چاہئے، کشمیری قوم قربانیاں دے رہی ہے مگر ابھی تک تھکی نہیں اور قربانیوں کے ساتھ استقامت اختیار کئے ہوئے ہیں، حکومت و سیاسی جماعتیں جو مرضی موقف اپنائیں،پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

وہ گاڑی کھاتہ چوک پر افطار پروگرام سے خطاب کررہے تھے جس میں شہر بھر کے معززین ، سیاسی و سماجی تنظیموں کے سربراہان اور تاجر برادری سے تعلق رکھنے والے افرا دنے شرکت کی۔فیصل ندیم نے کہاکہ کشمیری مسلمان پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ کا نعرے لگاتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھارہے ہیں تو پاکستانی قوم بھی کشمیریوں سے اسی کلمہ طیبہ کی بنیاد پر وابستہ ہے ۔

(جاری ہے)

ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مظلوم کشمیریوں کی غاصب بھارت سے آزادی کیلئے ہر ممکن کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے، انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بد ترین بھارتی ریاستی دہشت گردی حکومت پاکستان کی بھارت سے یکطرفہ دوستی کا نتیجہ ہے کشمیر کسی صورت انڈیا کا حصّہ نہیں رہ سکتا خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی، مظلوم کشمیریوں کی مدد کرنا قرآن وسنت کی روشنی میں ہر مسلمان پر فرض ہے فیصل ندیم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر پر غاصب بھارت نے قبضہ جما رکھا ہے اوروہاں بدترین انسانی حقو ق کی پامالیوں میں مصروف ہے عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی سے آگاہ کرنے کیلئے پوری دنیا میں موجود اپنے سفارت خانوں کو متحرک کیاجائے اور مضبوط کشمیر پالیسی وضع کی جائے تاکہ مظلوم کشمیری بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی جا سکے، انہوں نے کہا کہ بھارت خطہ میں امن چاہتا ہے تو آٹھ لاکھ فوج کو مقبوضہ کشمیر سے باہر نکالے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے حکومت کشمیریوں کے اعتماد کو بحال کرے۔