مقبوضہ کشمیر، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بانڈی پورہ اورکولگام میں احتجاجی مظاہرے

پیر 27 جولائی 2015 20:02

سرینگر ۔ 27 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں کشمیری طالب علموں نے بھارتی ریاستی دہشت گردی اور مظالم کے خلاف بانڈی پورہ قصبے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق طالب علموں نے احتجاجی دھرنا دیا اور بھارتی فوج کے انخلاء اورتعلیمی اداروں میں ان کی مداخلت بند کرانے کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل پڑا اور قصبے میں کافی دیر تک ٹریفک جام رہا ۔

گورنمنٹ ڈگری کالج کے طالب علموں کاکہنا تھا کہ بھارتی فوجی بانڈی پور ہ کے تعلیمی اداروں میں غیر ضروری مداخلت کے علاوہ اپنے پروگرام منعقد کر رہے ہیں جس سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ ان پروگراموں کو ہرگز قبول نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

طالبات نے بتایا کہ فوجی صرف طالبات کیلئے پروگرام منعقد کر رہے ہیں جس کے دوران فوجی افسران طالبات کے فون نمبر زبردستی ان سے لیتے ہیں۔

طالب علموں نے کالج انتظامیہ کی طرف سے ہراساں کئے جانے کے بارے میں بھی شکایت کی ۔ادھر بھارتی پولیس نے ضلع کولگام کے علاقے ہاگورہ ریڈونی میں مظاہرین پر آنسو گیس اورہوائی فائرنگ سمیت طاقت کاوحشیانہ استعمال کیا ۔لوگ علاقے میں بھارتی فوج کے مظالم اور گھر گھر تلاشیوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے ۔ آخری اطلاعات ملنے تک فوجیوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں۔

متعلقہ عنوان :