آزاد کشمیر، ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے 2 وزراء کابینہ سے برطرف، نوٹیفیکیشن جاری

منگل 4 اگست 2015 15:17

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اگست۔2015ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے 2 وزراء کو کابینہ سے برطرف کر دیا ۔ برطرفی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے پاکستان اور عسکری اداروں پر تنقید کرنے پر ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے 2 وزراء محمد طاہر کھوکھر اور سلیم بٹ کو الطاف حسین سے لاتعلقی ظاہر کرنے پر 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا جس کو دونوں وزراء نے مسترد کر دیا جس کے بعد وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے وزراء کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو آزاد کشمیر کابینہ سے برطرف کر دیا ۔

برطرف کئے گئے وزیر طاہر کھوکھر آزاد کشمیر میں وزیر ٹرانسپورٹ تھے جبکہ سلیم بٹ وزیر کھیل تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے عبوری آئین کی دفعہ 14 کے تحت دونوں وزراء کو برطرف کیا جبکہ آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے 2 وزراء کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے گزشتہ دنوں پاکستان اور مسلح افواج کے خلاف سخت بیانات دیئے تھے جس کے بعد وزیر اعظم آزاد کشمیر نے الطاف حسین کے خلاف زبردست احتجاج کیا اور اس حوالے سے وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے جمعرات کے روز الطاف حسین کے خلاف کشمیر بھر میں پرامن مظاہروں کا اعلان کر رکھا ہے ۔