بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے ،عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے،چوہدری عبدالمجید

منگل 4 اگست 2015 16:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے اور پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے۔ ایم۔کیو۔ایم کے قائد الطاف حسین کی کوئی سوچ نہیں ہے۔ اس کے پیچھے کوئی اور ہے۔ وہ ذہنی طور پر بیمار آدمی ہے اور یہ غدار ہے۔ اب اس کو سامنے لا کر اس سے معذرت نہ کروائی جائے بلکہ سزا دی جائے۔

ہم افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔ جو کشمیریوں کی عزت و ناموس اور سرحدوں کی حافظ ہے۔ کے۔ایچ۔ خورشید خوبصورت اور ولی تھے۔ آزاد کشمیر کی سیاست میں ان کا اہم کردار ہے۔ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان ریاست کی سیاست کا بڑا نام تھے۔ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان چھوٹے قبیلے سے تھے لیکن سیاست کے شاہسوار تھے۔

(جاری ہے)

میرواعظ عمر فاروق، شبیر شاہ، سید علی گیلانی، یاسین ملک اور دیگر تمام حریت قیادت کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

ہم ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان راہنماؤں کی لازوال قربانیاں ہیں اور تاریخ میں اپنی مثال آپ ہیں۔ جن کی خدمات رہتی نسلوں تک یاد رہیں گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے اے۔کے۔این۔ایس کی حلف برداری تقریب منعقدہ کشمیر ہاؤس اسلام آباد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے کے این ایس کے صدر زاہد تبسم کو وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مبارکباد دی۔

اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اے کے این ایس کیلئے 10 لاکھ روپے گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ تقریب میں وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید، وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد، وزیر ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ چوہدری پرویز اشرف، مشیر مرتضیٰ درانی، میڈیا ایڈوائزر سید عزادار حسین شاہ کاظمی، اکرم شاہ، میڈیا کنسلٹنٹ واحد اقبال بٹ اور صحافتی برادری کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اے۔کے۔این۔ایس اور صحافتی برادری کے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا اور ان کی جائز ضروریات کو بھی پورا کیا جائے گا۔ صحافت ریاست کا چوتھا بڑا ستون ہے۔ میں امید کرتا ہوں کی نئی باڈی اپنے قلم کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ تقریب سے وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے بھی خطاب کیا اور نئی باڈی کو منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :