آزاد کشمیر اسمبلی نے الطاف حسین کی شر انگیز تقریر کیخلاف قراردادوں کی متفقہ منظوری د ی

جمعرات 6 اگست 2015 22:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06اگست۔2015ء) آزاد کشمیر اسمبلی نے ایوان کے دونوں اطراف سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی شر انگیز تقریر کے خلاف الطاف حسین کے خلاف پیش کی گئی قراردادوں کی متفقہ منظوری د ی۔ اس موقع پر ایون سے خطاب کرتے ہوئے قائد ایوان وزیراعظم آزادکشمیرنے ایوان کے دونوں اطراف کے ممبران جنہوں نے اظہار خیال کیاان کا شکریہ بھی ادا کیااور قرارداد کی منظوری پر انہیں مبارک باد دی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ ایم کیو ایم کا قائد الطاف حسین غدار اور قاتل ہے ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسے انٹر پول کے ذریعے پاکستان لاکر عدالتوں میں پیش کرے۔ وزیراعظم آزادکشمیرنے کہاکہ ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف قرارداد اس لیے پیش کی گئی کہ اس نے پاکستان اور پاکستانی اداروں مسلح افواج پاکستان کے خلاف جو باتیں کیں وہ ناقابل برداشت ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ سے جس یکجہتی کااظہار کیا گیا وہ اہل کشمیر کی پاکستان سے لازوال رشتوں کی عکاس ہے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے بھرپور پاکستانیت کا اظہار کرتے ہوئے مسلح افواج سے یکجہتی کااظہار کیا ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ وزراء نے جو حلف اٹھایا ہے اس کی خلاف ورزی پر قواعد وضوابط کے تحت کارروائی ہوگی۔