بھارتی یوم آزادی: مقبوضہ کشمیر فوجی چھاؤنی میں تبدیل

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 12 اگست 2015 17:44

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں ہفتہ کوبھارتی یوم آزادی کے سلسلے میں نام نہاد سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کو تعینات کر کے پورے مقبوضہ علاقے کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے سرینگر شہر میں جامہ تلاشیوں کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

بھارتی پولیس اہلکار شہر میں راہگیروں کو جن میں مرد، خواتین اور سکول کے بچے شامل ہیں قطاروں میں کھڑا کر کے انکی تلاشیاں لے رہے ہیں اور انکے شناختی کارڈز چیک کررہے ہیں ۔بھارتی پیرا ملٹری سنٹرل ریزروپولیس کے اہلکاروں نے بخشی سٹیڈیم کے گرد سیکورٹی سخت کر دی ہے جہاں بھارتی یوم آزادی کی بڑی تقریب منعقد ہو گی ۔

(جاری ہے)

بخشی سٹیڈیم کے قریب رکاوٹیں کھڑی اور جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں۔

لوگوں کی نقل و حرکت کو مانیٹرنگ کرنے کیلئے خفیہ کیمرے نصب کردیئے گئے۔ اہم مقامات کے قریب بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز کو تعینات کیا گیا ہے ۔ اسٹیڈیم کے ارد گرد سیکورٹی کو الرٹ کردیا گیا ہے ۔ علاقے میں آنے جانیوالی گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے اور لوگوں کی شناختی پریڈ کی جا رہی ہے۔ سرینگر شہر میں داخل ہونے والی مسافر گاڑیوں اور ان میں سوار مسافروں کو گاڑیوں سے اتار کرتلاشی کے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔

شہر بھر میں مختلف مقامات پر بھارتی پولیس اور سنٹرل ریزروپولیس فورس نے ناکے لگائے ہیں تاکہ لوگوں کی آمدورفت پر کڑی نظر رکھی جاسکے ۔ لالچوک پر واقع دکانوں کے مالکان اور ملازمین سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور ان کا ریکارڈ رکھا جارہا ہے۔ سرینگر کے شہریوں کو حکم دیاگیا ہے کہ وہ مہمانوں کو گھروں میں نہ ٹھہرائیں۔

متعلقہ عنوان :