بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوانوں کے قتل کے خلاف پلوامہ میں مکمل ہڑتال

یاسین ملک ملنگ پورہ جاتے ہوئے ساتھیوں سمیت گرفتار

بدھ 12 اگست 2015 19:25

سری نگر ۔ 12 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پلوامہ میں تین نوجوانوں کے قتل کے خلاف مکمل ہڑتال ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے گزشتہ روز پلوامہ کے علاقے رتنی پورہ میں دو نوجوانوں کو ایک کارروائی کے دوران جبکہ ایک نوجوان کو اونتی پورہ کے علاقے ملنگ پورہ میں مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا ۔

علاقے میں نوجوانوں کے قتل کے خلاف زبردست بھارت مخالف مظاہرے بھی جاری ہیں۔ ادھر بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو پارٹی کارکنوں سمیت سرینگر سے گرفتار کر لیاہے ۔پولیس نے یاسین ملک کو پارٹی کارکنوں محمد یاسین بٹ، شیخ خالد مبارک اور شبیر کشمیری کے ہمراہ اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ حال ہی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے پلوامہ کے علاقہ ملنگ پورہ جارہے تھے۔

(جاری ہے)

یاسین ملک کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔دریں اثناء حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش، حکیم عبدالرشید،سید بشیر اندرابی ، بلال احمد صدیقی اور لبریشن فرنٹ کے رہنماء جاوید احمد بٹ متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پلوامہ گئے ۔انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :