مقبوضہ کشمیر کیحریت رہنماؤں کا شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت

جمعرات 13 اگست 2015 18:35

سری نگر ۔ 13 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے حال ہی میں پلوامہ میں شہید کے جانے والے تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطا بق گلزار احمد بٹ اور شوکت احمد لون نامی نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں نے پلوامہ کے رتنی پورہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران جبکہ یاور احمد بٹ نامی نوجوان کو فوجیوں نے ملنگ پورہ کے علاقے میں پرامن مظاہرین پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

حریت رہنما ؤں شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر اور انسانی حقوق کے ممتاز کارکن محمد احسن اونتو نے پلوامہ جاکر شہید نوجوانوں کے اہلخانہ کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر اپنی بات چیت میں کہا کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہرگزرائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ حریت رہنماؤں نعیم احمد خان اور ظفر اکبر بٹ نے اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بے مثال قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کے قتل، بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاری اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف جمعہ کو نماز کے بعد احتجاجی مظاہرے کریں۔ نعیم احمد خان نے کہا کہ مجاہدین جاری جدوجہد آزادی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔جموں وکشمیر مسلم لیگ کے رہنما عبدالاحد پرہ نے للہار کے علاقے میں شوکت احمد لون شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد ایک بیان میں کہا کہ بے گناہ نوجوانوں کا مقدس لہو ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔

نام نہاد اسمبلی کے رکن انجینئر عبدالرشید نے پلوامہ میں شہریوں کے قتل کیخلاف سرینگر کے علاقے لالچوک میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔ دریں اثنا کٹھ پتلی انتظامیہ نے جاوید احمد میر، مشتاق احمد صوفی اور جی این ذکی پر مشتمل کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد کو شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے پلوامہ جاتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کوبھی شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے پلوامہ جانے سے روکنے کے لیے متعددپارٹی کارکنوں کے ہمراہ گرفتار کر لیا۔

متعلقہ عنوان :