مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 26برس کے دوران 10ہزارسے زائد افراد لاپتہ کیے گئے

اقوام متحدہ لاپتہ کشمیریوں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے، میرواعظ عمر فاروق

اتوار 30 اگست 2015 14:17

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 اگست۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے گزشتہ 26برس کے دوران ہزاروں کشمیریوں کوزیر حراست لاپتہ کیا جن کے اہلخانہ غم والم کی تصویر بنے اپنے پیاروں کی راہ تک رہے ہیں اورانہیں کچھ نہیں بتایا جا رہا کہ آیا وہ زندہ ہیں یا پھر مار دیے گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے گزشتہ روز لاپتہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر جاری کئے گئے ا عداد و شمار میں انکشاف کیا گیا کہ گزشہ 26برس کے دوران بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مقبوضہ کشمیر میں دس ہزارسے زائد افراد کو گرفتاری کے بعد دوران حراست لاپتہ کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ علاقے میں ہزاروں بے نام قبریں دریافت ہوئی ہیں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو خدشہ ہے کہ یہ قبریں لاپتہ افراد کی ہوسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنائکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے گمشدہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 25 برسوں کے دوران لاپتہ کئے گئے ہزاروں افراد کے بارے میں حقائق کو منظر عام پر لانے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں ۔

میر واعظ نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران کشمیر میں جاری پر امن تحریک مزاحمت کے دوران اب تک 9 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہو چکے ہیں جبکہ علاقے میں چھ ہزار سے زائد گمنام قبریں دریافت ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ لاپتہ کشمیریوں کے اہلخانہ انتہائی کرب کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی لاپتہ افراد کے والدین ان کی گھر واپسی کی راہ دیکھتے دیکھتے دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں

متعلقہ عنوان :