کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دے کر ہی مسئلہ کشمیر کو حل کیا جاسکتا ہے‘ پیپلزفریڈم لیگ

منگل 1 ستمبر 2015 18:41

سرینگر ۔ یکم ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے کہاہے کہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دے کر ہی مسئلہ کشمیر کو حل کیا جاسکتا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان امتیاز احمد شاہ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ سیلف رول اور داخلی خودمختاری جیسے تمام نام نہاد فارمولے کشمیریوں کیلئے قابل قبول نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارتی ایجنسیوں نے یہ فارمولے کشمیریوں کی توجہ تحریک آزادی سے ہٹانے اور حق خودارادیت جس کیلئے کشمیریوں نے عظیم قربانیاں پیش کی ہیں کے مطالبے سے دستبردارہونے کیلئے تیار کئے ہیں۔ امتیاز احمد شاہ نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت نواز کشمیری سیاست دان اپنے ذاتی مفادات کیلئے کشمیری عوام سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حریت تنظیمیں کشمیریوں کی حقیقی نمائندگی کر رہی ہیں اور انکے کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیاگیا ہے ۔