وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے زلزلہ سے متاثرہ اضلاع باغ، مظفر آباد اور پونچھ میں 2 43 منصوبوں کا افتتاح کردیا

کوٹلی ستیاں سے کلیاری تک عالمی معیار کی روڈ بنانے، باغ میں جدید سہولتوں سے آراستہ امراض قلب سنٹر قائم کرنے، ڈھل قاضیاں مہلدرہ پل تعمیر کرنے اور دریائے جہلم پر گھبدر کے مقام پر پل تعمیر کرنے کا اعلان

بدھ 2 ستمبر 2015 21:08

باغ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے زلزلہ سے متاثرہ آزاد کشمیر کے اضلاع باغ، مظفر آباد اور پونچھ میں 2 ارب 70 کروڑ 73 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 43 منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزراء ، آٰزاد کشمیر کے صدر و وزیراعظم ، قائد حزب اختلاف اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے سپورٹس کمپلیکس باغ میں منعقدہ تقریب میں ان منصوبوں کا افتتاح کیا اس موقع پر انہوں نے کوٹلی ستیاں سے کلیاری تک عالمی معیار کی روڈ بنانے، باغ میں جدید سہولتوں سے آراستہ امراض قلب سنٹر قائم کرنے، ڈھل قاضیاں مہلدرہ پل تعمیر کرنے اور دریائے جہلم پر گھبدر کے مقام پر پل تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے جن منصوبوں کا افتتاح کیا ان میں مظفر آباد میں 41 کروڑ 37 لاکھ 84 ہزار کے 20، باغ میں ایک ارب 97 کروڑ 51 لاکھ روپے کے 13 اور پونچھ میں 31 کروڑ 34 لاکھ روپے کے 10 منصوبے شامل ہیں جبکہ تینوں اضلاع کے ان منصوبوں سے 29 لاکھ 37 ہزار افراد مستفید ہونگے۔

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین ایرا میجر جنرل عظیم آصف نے بتایا کہ نوازشریف کے دور میں 13 سو منصوبے مکمل ہوئے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد نوازشریف پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے آزاد کشمیر کا 6 مرتبہ دورہ کیا ہے،حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مظفر آباد میں کچھ ایسے منصوبے بھی تھے کہ اگرمحمد نوازشریف وزیراعظم نہ ہوتے تو یہ منصوبے مکمل نہیں ہو سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایرا کے بقایا منصوبوں کیلئے بھی فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور جب تک بی سی ڈی پی کے منصوبے مکمل نہیں ہوتے ایرا کو بحال رکھا جائے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کو یقین دلایا کہ کشمیری آپ کے ساتھ ہیں اس موقع پر وزیراعظم کے خطاب سے قبل اور خطاب کے دوران شرکاء دیکھو دیکھو کون آیا، شیر شیر آیا کے نعرے بلند کرتے رہے۔ بعد ازاں کونسل کے اجلاس میں شرکت کے بعد وزیراعظم ہیلی پیڈ تک پیدل واک کرتے ہوئے گئے جبکہ اس موقع پر سٹیڈیم کے باہر بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔ وزیراعظم نے ہاتھ ہلا کر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ سینئر صحافی مشتاق منہاس بھی اسلام آباد سے خصوصی طور پر پروگرام میں شرکت کیلئے گئے۔