مقبوضہ کشمیر : دو کشمیری شہید ‘دو فوجی ہلاک‘ علی گیلانی ،میر وعظ عمر فاروق سمیت متعدد حریت رہنما نظربند

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 11 ستمبر 2015 17:36

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میں دو کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔ سر ی نگر سے آ مدہ اطلا عا ت کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ہندواڑہ میں لاری بل کے مقام پر ایک پر تشد د فوجی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں دو بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان ایک جھڑپ میں مارے گئے۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ ادھر مقبوضہ کشمیرمیں انتظامیہ نے سید علی گیلانی ،میر وعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک سمیت متعدد حریت رہنماؤں کو گھروں میں نظربند کردیا ہے ۔ انہیں مقبوضہ علاقے میں ہائی کورٹ کی طرف سے بڑے گوشت پر پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے سے روکنے کیلئے گھروں میں نظربند کیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

حریت رہنماؤں اور دیگر تنظیموں نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی حکومت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کی مسلمان مخالف پالیسیوں کے خلاف آج احتجاجی مظاہروں کی کال دی تھی ۔حریت رہنماؤں سید علی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق، محمد یایسن ملک ، محمد اشرف صحرائی ، ایاز اکبر ،راجہ معراج الدین اور دیگر کواحتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے سے روکنے کیلئے گھروں میں نظربند کردیا گیاہے ۔

پولیس نے انجینئر ہلال احمد وار اور قاضی یاسر کوسرینگر اور اسلام آباد میں انکی رہائش گاہوں سے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے سینئر حریت رہنماؤں جاوید احمد میر ،محمد یوسف نقاش کے گھروں پر بھی چھاپے مارے ۔ادھر اسلام آباد قصبے میں لوگوں نے بڑے گوشت پر پابندی اور قاضی یاسر کی نظربندی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔ آخری اطلاعات ملنے تک مظاہرے جاری تھے ۔