وزیر اعظم آزادکشمیرکی مقبوضہ کشمیر میں زیر حراست شہادتوں ،نوجوان نسل کی گمشدگیوں و بھارتی فوجیوں کے کر عورتوں اور بچوں پر تشدد پر گہری تشویش کا اظہار،بھارتی حکمرانوں کی شدید مذمت

جمعہ 18 ستمبر 2015 17:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے مقبوضہ کشمیر میں زیر حراست شہادتوں اور نوجوان نسل کی گمشدگیوں اور بھارتی فوجیوں کی طرف سے گھروں میں گھس کر عورتوں اور بچوں پر تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکمرانوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کو انسانیت کے قتل عام سے باز رکھے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے حریت قیادت میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی و دیگر قیادت کی نظر بندی، مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی شیلنگ، وحشیانہ لاٹھی چارج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان نے بھارتی شیلنگ کے دوران پاکستانی پرچم لہرا کر دنیا کو پیغام دے دیا ہے کہ کشمیری اور پاکستان لازم اور ملزوم ہیں اور بھارت جابرانہ تشدد منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کومنزل سے دور نہیں رکھا جاسکتا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی حریت پسند عوام نے بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ بھارتی حکمرانوں نے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کر رکھا ہے اور 8 لاکھ بھارتی فورسز کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ اقوام عالم کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی سنگینیوں تلے پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں اور اپنا لہو بہا رہے ہیں۔ کشمیری عوام پاکستانیت پر کبھی کمپرومائز نہیں کر سکتے۔

بھارت کے قابض و غاصب حکمران کشمیریوں کی تحریک کا راستہ نہیں روک سکتے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیری عوام تحریک تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کشمیریوں کی یہ تحریک کامیاب ہو کر رہے گی۔

بھارتی حکمران اس تحریک کا راستہ نہیں روک سکتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں اور جدوجہد آزادی میں انہیں کسی مرحلے پر بھی تنہائی کا احساس نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے۔ کشمیری شہداء کا لہو رنگ لا رہا ہے۔ بہت جلد کشمیر سے بھارت کا غیر قانونی تسلط ختم ہو کر رہے گا۔

دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے نکیال سیکٹر میں بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے بچوں کے ورثاء سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت امن پسند دنیا سے اپیل کی کہ وہ لائن آف کنٹرول پر آباد سویلین آبادی کو بھارتی گولہ باری سے محفوظ بنائیں اور بھارت کو جارحانہ اقدامات سے باز رکھیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی جندا پارٹی نے اقتدار میں آتے ہی کشمیریوں کی نسل کشی شروع کر رکھی ہے۔ بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں کے جارحانہ اقدامات اور توسیع پسندانہ عزائم نے برصغیر کے امن کو داؤ پر لگا رکھا ہے۔ امن پسند دنیا برصغیر میں آباد دو ارب انسانوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے برصغیر کے امن کو برباد کرنے سے بچائے۔

متعلقہ عنوان :