متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین نے سگی پورہ سوپور میں معصوم برہان اور ان کے والد کی شہادت کو سفاکانہ قتل قرار دیدیا

سنگین جرم میں ملوث قاتل انسان کہلانے کے قابل نہیں ہیں ٗ سید صلاح الدین

منگل 22 ستمبر 2015 18:54

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 ستمبر۔2015ء) متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے سگی پورہ سوپور میں معصوم برہان اور ان کے والد کی شہادت کو سفاکانہ قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سنگین جرم میں ملوث قاتل انسان کہلانے کے قابل نہیں ہیں۔ سید صلاح الدین نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی کی حکومت کے عزائم مئی 2015 میں بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکرکے بیان سے واضح ہوگئے تھے جس میں انہوں نے دہشت گردوں کا خاتمہ دہشت گردی کے ذریعے کرنے کا کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت نے پولیس ٹاسک فورس اور زرخرید ایجنٹوں کے ذریعے اخوان دور کو واپس لانے کی سازش تیار کی ہے لیکن ان کی یہ سازش ناکام ہوجائے گی۔ واضح رہے نوے کی دہائی میں بھارتی فوج کی سرپرستی میں اخوان نام کے مسلح بندوق برداروں کے گروہ نے ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیاتھا۔

(جاری ہے)

سید صلاح الدین نے کہا کہ معصوم برہان اور اس کے والد کے قاتل اسلام دشمن اور تحریک دشمن ہوسکتے ہیں،تحریک آزادی کے ساتھ ان کا کوئی تعلق نہیں ہوسکتا اور اس طرح کی کاروائیوں میں پولیس ٹاسک فورس کے اہلکار اور ان کے زرخرید ایجنٹ ملوث ہیں۔

سید صلاح الدین نے کہا کہ میڈیا کے ایک گروپ کی طرف سے ایسا تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ جیسے نام نہاد لشکر اسلام اور حزب المجاہدین کے درمیان چپقلش کے نتیجے میں یہ المناک واقعات رونما ہورہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ لشکر اسلام نامی تنظیم کا کوئی وجود نہیں ہے اوربھارتی ایجنسیاں اس نام کو استعمال کرکے اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کررہی ہیں۔سید صلاح الدین نے دختران ملت کی سربراہ کی مسلسل نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک پرعزم اور بہادر کشمیری خاتون رہنما ہیں اورایسے حربوں سے اس کے پائے استقامت میں لغزش نہیں آسکتی ہے،لیکن مفتی سعید کی کٹھ پتلی حکومت کیلئے ان کی گرفتاری شرمندگی کا باعث ہے۔

متعلقہ عنوان :