سید علی شاہ گیلانی آر پار ریاست جموں کشمیر کے حریت پسند عوام کی پُرعزم اور بیباک آواز ہے،یوسف نقاش

تمام حریت پسند جماعتیں اور قائدین ان کے بینر تلے نئی صبح کیلئے نئی تاریخ رقم کریں،بیان

منگل 29 ستمبر 2015 17:55

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 ستمبر۔2015ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر لیڈر اور اسلامک پولیٹکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے کہاہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی آر پار ریاست جموں کشمیر کے حریت پسند عوام کی پُرعزم اور بیباک آواز ہے جس کا موقف واضح ، غیر متزلزل اور غیر مبہم ہے۔ تحریک کا تقاضا ہے کہ تمام حریت پسند جماعتیں اور قائدین سید علی شاہ گیلانی کی سربراہی میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے بینر تلے نئی صف بندی کرکے نئی صبح کیلئے نئی تاریخ رقم کریں کیونکہ اس کی ذات ہی صحیح معنوں میں تحریک آزادی کی ترجمان ہے۔

منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سید علی شاہ گیلانی نے ہاتھ ملانامیثاق حریت کے تحت ہماری پارٹی کا شعوری فیصلہ تھا کیونکہ گیلانی صاحب کی سربراہی میں حریت کانفرنس واحد فورم ہے جو صیح معنوں میں تحریک آزادی کی ترجمانی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری تمام آزادی پسند قیادت سے جو اس فورم سے ابھی بھی باہر ہیں دردمندانہ اپیل ہے کہ وہ تحریک کو صیح سمت دیکر منطقی انجام تک لے جانے کیلئے تحریک آزادی کے بے باک لیڈر اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین جناب سید علی شاہ گیلانی کی سربراہی والی حریت میں رواں دواں فورم میں ذہنی اور عملی شمولیت اختیار کریں۔

نقاش نے کہا قبلہ سید علی شاہ گیلانی کی بے باک قیادت میں کل جماعتی حریت کانفرنس جموں کشمیر کا مضبوط اتحاد موجود ہے۔اس اتحاد سے ابھی باہر حریت پسندوں سے ہماری دردمندانہ اپیل ہے کہ وہ اتحاد میں شامل ہو کر منظم جد وجہد کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو آگے لے جانے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔