بھارت نے بین الاقومی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے حوالے سے خبروں کی تردید کردی

بھارت بین الاقومی سرحدکے ساتھ دیوار نہیں تعمیر کررہا اس حوالے سے پاکستان کے الزامات بے بنیاد ہیں،انٹرنیشنل بارڈر پر جغرافیائی لحاظ سے دیوار تعمیر کرنا ممکن نہیں، سرحد پار سے دراندازی کی کوششوں کوروکنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں پاک بھارت سرحدی حکام کے درمیان حالیہ ڈی جی سطح کی ملاقات کے بعد سرحد پر امن ہے ،دیکھتے ہیں چیزیں کیسے آگے بڑھتی ہیں،امید ہے پاکستان دراندازی روکنے کے اپنے وعدے کی پاسداری کرے گا بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف ) کے انسپکٹر جنرل راکیش شرما کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 29 ستمبر 2015 18:51

بھارت نے بین الاقومی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے حوالے سے خبروں کی تردید ..

جموں / نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 ستمبر۔2015ء ) بھارت نے جموں وکشمیر میں بین الاقومی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت بین الاقومی سرحدکے ساتھ دیوار نہیں تعمیر کررہا اس حوالے سے پاکستان کے الزامات بے بنیاد ہیں۔منگل کوبھارتی میڈیا کے مطابق بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف ) کے انسپکٹر جنرل راکیش شرما کا کہنا تھاکہ جس علاقے میں انٹرنیشنل بارڈر واقع ہے وہاں پرجغرافیائی لحاظ سے دیوار تعمیر کرنا ممکن نہیں۔

انکا کہنا تھاکہ یہ پاکستان کی طرف سے پیدا کردہ ایک کہانی ہے ،بھارت جموں وکشمیر میں انٹرنیشنل بارڈر پر کوئی دیوار تعمیر نہیں کررہا ۔ایک سوال کے جواب میں بی ایس ایف کے آئی جی کا کہنا تھاکہ میں نہیں سمجھتا کہ انٹرنیشنل بارڈر پر دیوار کی تعمیر سے کوئی فائدہ ہوسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ہم سرحد پار سے دراندازی کی کوششوں کوروکنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

حال ہی میں پاک بھارت سرحدی حکام کے درمیان ڈی جی سطح کی ملاقات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں راکیش شرما نے کہاکہ سرحد پر دونوں جانب سے امن کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں دیکھتے ہیں چیزیں کیسے آگے بڑھتی ہیں۔انھوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ حالیہ ملاقاتوں میں پاکستان نے دراندازی کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے کے جو وعدے کیے ہیں انھیں وہ پورا کرے گا ہم بھی پوری طرح چوکس ہیں۔

متعلقہ عنوان :