بھارت سمیت دیگر بیرونی طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنے کی ہر ممکن سازشیں کر رہی ہیں ، وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لئے ہر ایک کو اپنا کردار اداکرنا ہوگا، بھارت طاقت کے زور پر نہ تو آزادی کی تحریک کو دبا سکتا اور نہ ہی زیادہ عرصہ تک کشمیریوں کو محکوم بنا کر رکھ سکتا ہے

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹرچوہدری جعفر اقبال کا مظفر آباد میں استحکام پاکستان کنونشن سے خطاب

منگل 29 ستمبر 2015 19:35

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 ستمبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹرچوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو اس وقت اندرونی اور بیرونی جن چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے ہر محب وطن کا فرض ہے کہ وہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کرے ، پاکستان کو ایک طرف تو بیرونی خطرات کا سامنا ہے جس میں بھارت سمیت دیگر بیرونی طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنے کی ہر ممکن سازشیں کر رہی ہیں آئے روز ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں جس میں نہ صرف ہمارے فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں بلکہ سویلین کی بے تحاشہ ہلاکتیں اور املاک کی تباہی بھی ہو رہی ہے۔

دوسری طرف یہی پاکستان دشمن عناصر ملک کے اندر دہشت گردی کی مختلف شکلوں میں سرگرم ہیں۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو مظفر آباد آزاد کشمیر میں استحکام پاکستان کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ مساجد، امام بارگاہیں، مزارات مقدس، سیاسی و مذہبی شخصیات سے لے کر ہر طبقہ فکر کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔مقصد صرف یہی ہے کہ پاکستان کو معاشی، سیاسی اور ہر طرح سے کمزور کیا جائے، خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کر کے ہمیں ہی ایک دوسرے کے خلاف لڑایا جائے۔

پاک فوج ضرب عضب کے ذریعے ایک طرف تو اندرون ملک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مصروف جہاد ہے تو دوسری طرف سرحدی کشیدگی کا سامنا۔ان حالات میں جہاں علاقائیت کے نعرے لگ رہے ہیں وہاں صرف اور صرف پاکستانیت کا نعرہ لگایا جائے کیوں کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، ہم پہلے پاکستانی پھر سندھی ، پنجائی ، بلوچی ، کشمیری یا جو بھی ہیں وہ ہیں۔ پاکستان میں سیاسی ، معاشی استحکام لانے کے لیے ایسی جہد مسلسل کی ضرورت ہے جس میں ساری قوم کو متحد کر کے تمام خطرات کا مقابلہ کیا جائے۔

آج کا استحکام پاکستان کنونشن بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ قوم کو دہشت گردی اور بیرونی جارحیت کے مقابلے کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ جدو جہد کا حصہ بنانے کے لیے پاکستان بھر میں صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر استحکام پاکستان کنونشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔جس کا آغاز فیصل آباد اور پھر لاہور میں عظیم الشان استحکام پاکستان کنونشن کے انعقاد سے ہو ا اور آج یہاں آزاد کشمیر میں کل پاکستان آزاد کشمیر استحکام پاکستان کنونشن منعقد کر کے بتدریج اس جدو جہد کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

نظریہ پاکستان ایک ایسی موثر تحریک تھی جس سے پاکستان وجود میں آیا تھا اب انشاء اﷲ استحکام پاکستان ایک ایسی تحریک ثابت ہو گی جس سے پاکستان میں سیاسی، معاشی استحکام اور خوشحالی آئے گی۔تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے بات کرتے ہو ئے انھوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی اور بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمائت دنیا کے ہر فورم پر جاری رکھے گا۔

بھارت طاقت کے زور پر نہ تو آزادی کی تحریک کو دبا سکتا اور نہ ہی زیادہ عرصہ تک کشمیریوں کو محکوم بنا کر رکھ سکتا ہے۔بہتری اسی میں ہے کہ بھارت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے۔ کنونشن سے بیگم عشرت اشرف سابق ایم این اے، چوہدری اسماعیل سابق وزیر آزاد کشمیر حکومت، چوہدری شہزاد محمود ایڈوکیٹ، بیرسٹر ندا چوہدری ڈاکٹر عنبر ین خواجہ، ڈاکٹر ریحانہ کوثر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :