سابق سپیکر آزاد کشمیر سردار سیاب خالد کا مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا فیصلہ

بدھ 30 ستمبر 2015 15:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر۔2015ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی ایک اور وکٹ گر گئی ۔ سابق سپیکر آزاد کشمیر و سینئر مسلم کانفرنسی رہنما سردار سیاب خالد نے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ۔ مسلم لیگ(ن) کے صدر راجہ فاروق حیدر سے تمام معاملات طے پا گئے ۔ دسمبر کے آخری ہفتے میں باضابطہ (ن)لیگ میں شمولیت کا اعلان کریں گے اور اگلے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے ۔

آن لائن ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سابق سپیکر و ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر سردار سیاب خالد کی طرف سے ان کے آبائی حلقے میں مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر نے استقبالیہ دیا گیا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوئی جس میں راجہ فاروق حیدر نے سردار سیاب خالد کو مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی دعوت دی جس پر سردار سیاب خالد نے دعوت قبول کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ہونے والے عام انتخاب ات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے آئندہ انتخابات سے متعلق تمام معاملات بھی طے کئے اور سردار سیاب خالد نے کہا کہ میں دسمبر کے آخری ہفتے میں باقاعدہ طور پر (ن)لیگ میں شمولیت کا اعلان کروں گا اور میرے ساتھ مسلم کانفرنس کے دیگر سینئر راہنما اور ٹکٹ ہولڈر بھی (ن) لیگ میں شامل ہوں گے ۔

واضح رہے کہ آل جموں و مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما سابق وزیر برقیات و ممبر قانون ساز اسمبلی سردار میر اکبر خان ا سے قبل حلقے کی عوام سے مشاورت مکمل کر چکے ہیں اور انہوں نے بھی راجہ فاروق حیدر خان کو دسمبر کے آخری ہفتے میں باقاعدہ طور پر (ن) لیگ میں شمولیت کی یقین دہانی کروائی ہے اور اس سے قبل دونوں رہنما نجی محفلوں میں مسلم کانفرنس کو چھوڑنے کا عندیہ دے چکے ہیں اور کافی عرصے سے مسلم کانفرنس کی تقریبات سے غائب رہتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :