بھارت ہٹ دھرمی ترک کر کے وزیر اعظم پاکستان کی تجاویز کا مثبت جواب دے ٗحریت رہنماء

کشمیری شہداء کے مقدس مشن کی تکمل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں ٗ رہنماؤں کا بیان

جمعہ 2 اکتوبر 2015 19:38

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اکتوبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش ، حکیم عبد الرشید، بلال صدیقی اور سید بشیر اندرابی نے وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کو سراہتے ہوئے اسے کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔ حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی ترک کر کے محمد نواز شریف کی تجاویز کا مثبت جواب دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کا غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل تنازعہ کشمیر کے حل میں بنیادی رکاوٹ ہے۔حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے اس خطے کے امن کو یرغمال بنا رکھا ہے اور بے پناہ فوجی جماؤ اور طاقت کے بل پر کشمیری عوام کے سیاسی ، انسانی اور اقتصادی حقوق پامال کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ کشمیری شہداء کے مقدس مشن کی تکمل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :