اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد میں بھارت بنیادی رکاوٹ ہے، گیلانی فورم

پاکستان روز اول سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت، وکالت کرتا رہا، تنازع حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں،ترجمان ایاز اکبر

اتوار 4 اکتوبر 2015 17:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) حریت رہنماء سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے کہا ہے کہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ موقف بنیادی رکاوٹ ہے۔ فورم ترجمان ایاز اکبر نے ایک بیان میں سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداﷲ کے پاکستان کے بارے میں کئے گئے ٹویٹ کو بچگانہ اور کم علمی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قیادت ہی نہیں بلکہ کشمیر کا بچہ بچہ بھی اس بات سے واقف ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے نفاذ کا طریقہ کار کیا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھارت عالمی ادارے کی قراردادوں پرعمل کرنے کے لیے تیار ہی نہیں ہے تو پاکستان کیوں آزاد کشمیر سے اپنی فوج نکالے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ قراردادوں کے نفاذ میں پاکستان نہیں بلکہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی رکاوٹ بنی ہوئی ہے اور اس حوالے سے پاکستان کو الزام دیناکسی بھی طور جائز اور منصفانہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روزِ اول سے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور وکالت کرتا رہا ہے اور اس نے کبھی بھی قراردادوں کے نفاذ کے طریقِ کار پر اعتراض نہیں اٹھایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا بہترین حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں ہی مضمر ہے اور اس تنازعہ کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

متعلقہ عنوان :