مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر بھر پور طریقے سے منایا جائے گا،کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں اجتماعی ریلیاں اور سیمینارمنعقد کیے جائیں گے

وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 15 اکتوبر 2015 19:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اکتوبر۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہمقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو بلیک ڈے بھر پور طریقے سے منایا جائے گا ۔ وہ جمعرات کو 27 اکتوبرکو سیاہ دن منانے کے حوالے سے تیاریوں کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

اجلا س میں وزارت اُمورکشمیر و گلگت بلتستان ،وزارت خارجہ وزارت اطلاعات،پیمرا،پی ٹی وی ،ریڈیو پاکستان سمیت پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور چاروں صوبوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے اجلاس میں شریک افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب پر لازم ہے کہ 27اکتوبر کی بلیک ڈے کے حوالے سے تشہر کے لیے بھر پور تیاری کی جائے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ایسے ٹھوس اقدامات کیے جائیں جس سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر بھر پور طریقے سے اُجاگر ہو اوردُنیا کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم کو بہتر طریقے سے جان سکے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اس دن کو بھر پور طور پر منانے کے لیے اقدامات کریں گے۔ وفاقی وزیر نے خصوصی ہدایت جاری کی کہ اگر کسی جگہ کوئی کمی پیشی ہے تو اس کو باہمی تعاون سے پورا کیا جائے۔اجلاس کے شرکاء نے اپنے اپنے اداروں کی طرف سے کی جانے والی تیاریوں سے وفاقی وزیر کو مطلع کیا اور بتایا کہ 27 اکتوبر کواس ضمن میں وفاقی درالحکومت ،صوبائی درالحکومتوں اور آزادکشمیر سمیت پورے ملک میں احتجاجی ریلیاں، سیمنار اور جلسے منعقد کیے جائیں گے۔

کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے دُنیا کو آگاہ کرنے کے لیے تصویری نمائشوں ،مظاہروں اور ٹاک شوزکا اہتمام بھی کیا جائے گااور اس کے علاوہ بھارتی مظالم کو اُجاگر کرنے کے لیے پورے ملک کی سڑکوں اور چوراہوں پر احتجاجی بینرزاور بورڈ ز آویزاں کیے جائیں گے۔وفاقی وزیر نے اجلاس کی جانب سے دی گئی تفصیلات پر اطمینان کا اظہار کیا اور خصوصی ہدایت کی کہ اس سلسلے میں کوئی کسراٹھا نہ رکھی جائے۔

متعلقہ عنوان :