نریندر مودی کے جارحانہ عزائم پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں،مقبوضہ کشمیر میں آئے روز مظالم میں اضافہ ہو رہا ہے، گائے کے ذبح کو مسئلہ بنا کر مسلم کشی کی جارہی ہے ؛امیرجماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر عبدالرشید ترابی

جمعہ 23 اکتوبر 2015 16:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اکتوبر۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کے جارحانہ عزائم پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں،مقبوضہ کشمیر میں آئے روز مظالم میں اضافہ ہو رہا ہے گائے کے ذبح کو مسئلہ بنا کر مسلم کشی کی جارہی ہے جو انسانیت کا قتل اور قابل مذمت ہے،27اکتوبر کو دنیا بھر میں کشمیری بھارتی قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں گے جبکہ جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر ہٹیاں بالا میں عزم آزادی کانفرنس سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سراں میں معززین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،کارنر میٹنگ سے نائب امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر و چیئرمین سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی ڈاکٹر مشتاق،امیر ضلع پروفیسر راجہ شوکت سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا، دریں اثنا عبدالرشید ترابی نے گوجر بانڈی کی مرکزی جامع مسجد میں خطبہ جمعہ دیا،اس موقع پر سید اسحاق نقوی نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے گائے کے ذبح کو مسئلہ بنا کر مسلمانوں کو شہید کرنا انسانیت کی تذلیل ہے انہوں نے کہا کہ بھارتی انتہا پسندی اور دہشت گردی پر عالمی امن کے ٹھیکیدروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین نے اپنی قربانی پیش کرکے وقت کے یزید کو مسترد کر دیا موجودہ حالات میں یزیدی نظام اور اس کے محافظوں کے خلاف جماعت اسلامی جہاد کر رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ امام حسین کے مشن کا تقاضا ہے کہ ہم ظلم اور فرسودہ نظام کو ختم کر کے یہاں اسلام کاعادلانہ اور منصفانہ نظام کو قائم کریں

انہوں نے کہا کہ اگر خلاف کا نظام کو ختم نہ کیا جاتا تو آج پوری دنیا اسلام کے جھنڈے تلے ہوتی ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان نے کشمیریوں کی ہمیشہ پشتیبانی کی ہے زلزلہ سیلاب ہو یا مشکل کی گھڑی جماعت اسلامی پاکستان کی قیادت نے ہمیشہ کشمیریوں کی سرپرستی کی ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قائد سینیٹر سراج الحق جن کے آباواجداد اور خاندان کا تحریک آزاد ی کشمیر سے گہرا تعلق ہے وہ پوری پاکستانی قوم کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے آرہے ہیں جس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ایک اچھا پیغام جائے گا انہوں نے کہا کہ لوگ اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنے قومی قائدکا استقبال کریں ،اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ ضلع ہٹیاں بالا کے غیور لوگ قائد پاکستان سینیٹر سراج الحق کا فقید المثال استقبال کریں گے یہاں کے لوگوں کی تحریک آزادی کشمیر اور ہر محاذ پر بڑی جدوجہد اور قربانیاں ہیں ہم نے جب بھی یہاں کے لوگوں کو پکارا تو انہوں نے ہماری آواز پر لبیک کہا اور میدان میں نکل آئے انہوں نے کہا کہ سینیٹر سراج الحق قومی قائد ہیں تما م احباب اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر اس میں شریک ہوں ،ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مشتاق نے کہا کہ جماعت اسلامی آمدہ انتخابا ت میں آزاد کشمیر کے تمام حلقوں سے حصہ لے گی اور بھرپور پارلیمانی رول حاصل کر کے حکومت ساز ی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔