اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے کالے قوانین کی آڑ میں ریاستی دہشت گردی کو بند کروائے، چوہدری عبدالمجید

بدھ 28 اکتوبر 2015 16:19

چکسواری (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیواور حریت قیادت کی نظر بندی پر شدید درعمل کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے کالے قوانین کی آڑ میں ریاستی دہشت گردی کو بند کروائیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام نے کرفیو کے نفاذ کے باوجود بھارتی سنگینیوں کے سائے تلے یوم سیاہ کے موقع پر احتجاجی ریلیاں منعقد کر کے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو مسترد کر دیا ہے اور جگہ جگہ پاکستانی پرچم لہرا کر اور ریاست بھر میں بڑی بڑی احتجاجی ریلیاں منعقد کر کے بھارتی اقتدار کے ایوانوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور اقوام عالم کو باور کروایا کے بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے اور بھارت کی آٹھ لاکھ پیرا ملٹری فورسز مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضہ کو دوائم دینے کے لیے جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے اور بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں رسوائے زمانہ قوانین کی آڑ میں کشمیریوں کی منظم نسل کشی شروع کر رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی بربریت اور جارحیت بڑھتی جارہی ہے ۔کشمیریوں کی تحریک میں شدت آرہی ہے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنی آزادی کی منزل نظر آرہی ہے ۔

بھارت کے قابض وغاصب حکمران کشمیریوں کو منزل سے دور نہیں رکھ سکتے ۔انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے جس جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے اس سے تحریک آزادی کشمیر پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور دونوں اطراف کے کشمیریوں سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ۔

تحریک آزادی کشمیر کو حقیقت پسندانہ اور درست طریقے سے اجاگر کرنے سے کشمیریوں کی تحریک کو نیا ولولہ ملا ہے ۔اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنا چایئے تاکہ جنوب ایشیاء ہولناک تباہی سے بچ سکے ۔کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں نیو سٹی ریسٹ ہاؤس میں مختلف وفود سے با ت چیت کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں حریت قیادت کی مسلسل گرفتاریوں ،نوجوان نسل کی ٹارگٹ کلنگ اور نہتے شہریوں پر کالے قوانین کے ذریعے وحشیانہ تشدد بند کروائے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جنوب ایشیا ء میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہوگیا ہے جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوجاتا اسوقت تک جنوب ایشیا ء پر ایٹمی جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے ۔وزیر اعظم نے حکومت پاکستان اور آرمی چیف کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر سیاسی و سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ کشمیری پاک فوج کے بلا معاوضہ سپاہی ہیں اور پاکستان کے دفاع ،استحکام،ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :