مقبوضہ کشمیر کے پنڈتوں نے مودی کے دورے کو مکمل طور پرناکام اور مایوس کن قراردیدیا

ہفتہ 7 نومبر 2015 19:44

جموں/ نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔7 نومبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر کے پنڈتوں کی تنظیم پنن کشمیر نے وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کو مکمل طور پرناکام اور مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے لئے 80 ہزار کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کرکے انہوں نے تمام قوم پرست طاقتوں خاص طور پر کشمیری پنڈتوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جموں و کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کی تنظیم پنن کشمیر نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کو پوری طرح ناکام اور مایوس کن قراردیدیا ۔

(جاری ہے)

تنظیم کا کہنا تھاکہ کشمیر کے لئے 80 ہزار کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کرکے انہوں نے تمام قوم پرست طاقتوں خاص طور پر کشمیری پنڈتوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے۔پنن کشمیر کے صدروجے بھٹ نے وزیر اعظم کے دورے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی نے کشمیر یوں کے لئے پیکیج کا اعلان کرکے کشمیر کے فرقہ پرست اکثریتی لوگوں کی وجہ سے اپنی ہی ریاست میں پناہ گزینوں کی زندگی گزار رہے کشمیری پنڈتوں کی توہین کی ہے۔

مودی نے اپنے خطاب میں پیکیج کو کشمیر کے نوجوان کے لئے بتایا ہے جبکہ کشمیری پنڈتوں کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو انہوں نے نظر انداز کر دیا ہے۔