جموں وکشمیر مسلم لیگ کا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بڑھتی انسانی حقوق خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش

ہفتہ 14 نومبر 2015 12:27

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 نومبر۔2015ء) جموں وکشمیر مسلم لیگ نے بھارتی فورسز کی مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بڑھتی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔مسلم لیگ کے ترجمان محمد رفیق گنائی نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت بننے کے بعد بھارت میں اقلیتیں قطعی طور پر غیر محفوظ ہو چکی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسند ہندوؤں کی حکومت نے کشمیریوں کی مبنی آواز کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی سعید نے اپنے اقتدار کی خاطر ہندو انتہا پسندوں کے آگے سرینڈر کر لیا ہے اور آزادی پسندوں کے خلاف ایک بھر پور جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ رفیق گنائی نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، اسداللہ پرے، منظور احمد لیلہ ہاری، حکیم شوکت ، ظہور احمد کنہ اور معراج دین کے علاوہ بڑی تعداد میں حریت رہنما اور کارکن مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ہندو انتہا پسند تنظیموں کی ایما پر عتاب کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :