سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر خواجہ شاد کو چیف الیکشن کمشنر تعینات کر نے کا قوی امکان

پیر 16 نومبر 2015 20:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 نومبر۔2015ء) سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر سپریم کورٹ خواجہ شاد کو چیف الیکشن کمشنرآزاد کشمیر تعینات کر نے کا قوی امکان،آزاد حکومت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے پینل میں سابق جسٹس سپریم کورٹ آزاد کشمیر بشارت شیخ،جسٹس (ر)شیر زمان اور چیف جسٹس (ر) خواجہ شاد کے نام بھیجے تھے جس پر چئیر مین کشمیر کونسل (وزیر اعظم پاکستان)نے سمری وزیر اعظم آزاد کشمیر کو بھیجنی ہے جس پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کے دستخط کے بعد تقرری عمل میں آئے گی۔

(جاری ہے)

با وثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان (چئیر مین کشمیر کونسل ) نے چیف جسٹس (ر)خواجہ شاد کی منظوری دیتے ہوئے فائل وزیر اعظم آزاد کشمیر کو بھجوا دی ہے جس پر انکے دستخط کے بعد خواجہ شاد چیف الیکشن کمشنر مقرر ہو جائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان نے سابق جسٹس ہائی کورٹ چوہدری منیر (جن کی ریٹائر منٹ کو دو سال نہیں ہوئے)کی منظوری دی تھی جس پر صدر آزاد کشمیر نے قانونی نکات کی تشریح کی لئے سپریم کورٹ آزاد کشمیر سے رجوع کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے چوہدری منیر کی تقرری کالعدم قرار دیدی تھی اور الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا طریقہ کار وضع کیا تھا۔جس کے مطابق اب خواجہ شاد کی تقرری عمل میں لائی جائے گی