جرمنی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے،بیرسٹر سلطان

ہفتہ 21 نومبر 2015 19:51

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 نومبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ جرمنی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔کیونکہ جرمنی چونکہ دیوار برلن کی وجہ سے قوم اور خاندانوں کی تقسیم سے گزر چکا ہے اس لئے وہ کشمیری خاندانوں اور افراد کی تقسیم کے جذبات اور دکھ کو بہتر انداز میں سمجھ سکتا ہے۔

لہذا جرمنی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں کرے تاکہ جس طرح جرمنوں نے دیوار برلن کو روند کر تقسیم کو ختم کردیا تھا اسی طرح کشمیری بھی لائن آف کنٹرول کو ختم کرکے اکٹھے ہو سکیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں اپنی رہائشگاہ پر جرمنی کی حکمران جماعت کرسٹن ڈیمو کریٹک پارٹی کی فاؤنڈیشن کونریڈ اسٹفٹنگ کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر رونی ہائنی(Ronny Hiene) سے اپنی رہائشگاہ پر ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی یہی کہتی ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام مرضی و منشاء کے مطابق ہو۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم پاک، بھارت مذاکرات کے خلاف نہیں ہیں تاہم ہم یہ چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام کو ان مذاکرات میں شامل کیا جائے تاکہ ان مذاکرات کا کوئی پائیدار حل نکل سکے۔

اسی طرح جرمنی انٹراء کشمیر ڈائیلاگ کا بھی اہتمام کرے۔جرمنی انٹراء کشمیر ڈائیلاگ کے لئے کوششیں کرے تاکہ اس مسئلے کے حل میں پیش رفت اسی وقت ممکن ہے کیونکہ جب انٹراء کشمیر ڈائیلاگ کے ذریعے دونوں اطراف کے کشمیری مل بیٹھیں گے تو وہ مسئلے کا حل بھی ڈھونڈ نکالیں گے۔کیونکہ کشمیریوں نے 67 سال میں بہت ظلم و بربریت دیکھی ہے اب وہ امن کے متلاشی ہیں اور کشمیری خود اس سلسلے میں بہتر حل نکال سکتے ہیں۔راٹھور