آزاد کشمیر کے آمدہ انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی بھرپور محنت کر رہی ہے ،چودھری محمد یٰسین

حکومت نے آزاد خطہ کی عوام کی 50سالہ محرومیوں کا خاتمہ کر کے ریاست کو ترقی کی سمت گامزن کر دیا ہے ،وفاق سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم کر نے کی نئی سیاسی روایات قائم کیں، سینئر وزیر آزاد کشمیر

منگل 24 نومبر 2015 17:25

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر چودھری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے آمدہ انتخابات کے لئے پیپلز پارٹی بھرپور محنت کر رہی ہے ،حکومت نے آزاد خطہ کی عوام کی 50سالہ محرومیوں کا خاتمہ کر کے ریاست کو ترقی کی سمت گامزن کر دیا ہے ،عوامی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے دن رات کام کیا ،آزاد کشمیر کی عوام پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتی ہے ،ہم جمہوری طریقے سے اقتدار میں آئے ،عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے فلاح و بہود،تعمیر و ترقی اور تعلیم کے شعبے کو فوکس کر کے ریاست میں ترقی کا انقلاب برپا کرنا پیپلز پارٹی حکومت کا اہم کارنامہ ہے،وفاق سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم کر نے کی نئی سیاسی روایات قائم کیں،عام انتخابات میں پیپلز پارٹی اپنی 5سالہ کارکردگی کی بنیاد پر میدان میں اترے گی جبکہ مسلم لیگ (ن)نے ابھی سے انتخابی حکمت عملی کے تحت وفاق اور آزاد حکومت کے درمیان تناؤ کی کیفیت پیدا کرنا شروع کر دی ہے ،آزاد حکومت کے فنڈز روک کر حکومت کی کارکردگی اور ساکھ کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جو کہ کامیابی سے ہمکنار نہیں ہونگی،آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات آزادانہ ماحول میں ہونگے کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے ،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر باہم متفق اور متحد ہے جبکہ ہماری مخالف مسلم لیگ ن اندورنی خلفشار کا شکار ہے،برادری ازم اور تعصبات کی سیاست کرنے والے ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں مظفر آباد میں پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نظریات اور اصولوں کی سیاست کرتی ہے ،جمہوریت کی خاطر جتنی قربانیاں پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور قیادت نے دی ہیں پوری دنیا کی جمہوری تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی ،ہمارے قائدین نے پھانسی کے پھندوں کو چوم لیا لیکن اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا ،پاکستان پیپلز پارٹی پہلے بھی وفاق کی علامت تھی آج بھی ہے ۔

وقتی آلام اور مصائب سے پیپلز پارٹی کے کارکن گھبرانے والے نہیں جو لوگ پیپلز پارٹی کو کمزور سمجھتے ہیں وہ عقل کے اندھے ہیں ،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے انقلابی کام کئے ہیں ،عوامی کی فلاح و بہبود پر پہلے سمجھوتہ کیا نہ آئندہ کریں گے ۔ہم نے انصاف اور میرٹ کی بالا دستی کے لئے کام کیا ،ہزاروں نوجوانوں کو روزگار فراہم کر کے آزاد خطے کی نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ جمہوری پارٹیاں اپنے کردار اور کارکردگی کی بنیاد پر پھلتی پھولتی ہیں اور کارکردگی کی بنیاد پر ہی عوام انہیں منتخب کرتی ہے ،آمدہ الیکشن میں برادری ازم اور علاقائی تعصبات کے سیاسی بتوں کو ایک بار پھر شکست فاش دے کر ثابت کریں گے آزاد کشمیر میں برادری ازم کے بتوں کا کوئی کوئی سیاسی مقام نہیں ہے۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے پارٹی ڈسپلن کے تحت امور حکومت کو چلایا ہماری قیادت کے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں جبکہ ہمارے مقابلے میں بے اتفاقی سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے دور حکومت میں ذاتی مفادات کے لئے 4بار وزیر اعظم تک تبدیل کئے ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے آمدہ انتخابات آزادانہ ماحول میں ہونگے اور تاریخ گواہ ہے جب بھی فری اور فیئر الیکشن ہوئے پیپلز پارٹی کو دنیا کی کوئی طاقت عوام سے دور نہیں کر سکی ۔پی پی کارکن ہمارے سروں کا تاج ہیں ہم نے پارٹی کارکنوں کو حتی الامکان مقام اور عزت و احترام دینے کی کوشش کی ،حکومتوں میں سیاسی ایڈجسٹمنٹ کارکنوں کا حق تھا جو ہم نے انہیں دیا آئندہ بھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔

متعلقہ عنوان :