مفتی سعید کی سربراہی میں قائم کٹھ پتلی انتظامیہ نے مظالم کے تمام ریکارڑ توڑ دیئے

بزرگ کشمیری رہنماء سیّد علی گیلانی کو 2015ء کے دوران اب تک مجموعی طور پر 230 دن گھر میں نظر بند رکھا گیا بھارت کشمیرمیں تفریق کے بیج بونے پر تلا ہوا ہے‘ پنڈتوں کیلئے مقبوضہ وادی میں کالونیوں کا قیام اس پالیسی کا حصہ ہے

اتوار 6 دسمبر 2015 12:37

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 دسمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ حریت رہنما سیّد علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے بزرگ رہنما کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدیدمذمت کی ہے۔ ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بزرگ کشمیری رہنماء سیّد علی گیلانی کو 2015ء کے دوران اب تک مجموعی طور پر 230 دن گھر میں نظر بند رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ رہنما کو اس دوران جمعہ کی نماز پڑھنے سے بھی زبردستی روکا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی سعید کی سربراہی میں قائم کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں مظالم کے تمام سابقہ ریکارڑ توڑ دیے ہیں۔ ترجمان نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔

(جاری ہے)

سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ نے کشمیری پنڈتوں کے مختلف وفود سے جموں میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیرمیں مختلف فرقوں کے درمیان تفریق کے بیج بونے پر تلا ہوا ہے اور پنڈتوں کے لیے مقبوضہ وادی میں الگ کالونیوں کا قیام اُس کی اس پالیسی کا حصہ ہے۔ ادھر بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سرینگر کے قدیمی علاقوں میں دکانوں کی لوٹ مار کے خلاف تاجروں کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال کے باعث آج شہرمیں معمول کی زندگی متاثر رہی۔

بھارتی پولیس کی طرف سے گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد سرینگر کے اطراف کے علاقوں میں پر امن مظاہرین پر آنسو اور مرچ گیس کی شیلنگ کے خلاف تمام دکانیں اور دیگر کاروباری ادارے بند رہے۔ تاجروں اور لوگوں نے پولیس کے مظالم کیخلاف جامع مسجد کے باہر احتجاج دھرنا بھی دیا۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے دھرنے کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے پورے مقبوضہ کشمیر خاص طور پر سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے پھیلانی جانے والی خوف و دہشت کی لہر کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیا۔

بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے اپنے بیانات میں پولیس کارروائی کی شدید مذمت کی۔ ہندو مہا سبھا کے ایک رہنما کملیش تیواڑی کی مسلم مخالف حرکت کے خلاف لوگوں نے سرینگر،جموں، بھدراہ اورراجوری کے علاقوں میں زبردست مظاہرے کئے۔ کملیش تیواڑی نے آنحضور اور اسلام مخالف مواد پر مشتمل پمفلٹ تقسیم کئے تھے۔