نریندر مودی کا رویہ خطے اور دنیا کے امن کے لیے تشویشناک ہے،راجہ ظفر الحق

پاکستان کشمیری بھائیوں کی پشت پر چٹان کی طرح کھڑا ہے،کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا جائے،انٹرویو `

منگل 8 دسمبر 2015 21:51

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی چیئرمین سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا رویہ خطے اور دنیا کے امن کے لیے تشویشناک ہے پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے انتہائی سنجیدگی اور بردباری کے ساتھ بھارت سے نا صرف مسئلہ کشمیر حل کرنے پر زور دیا بلکہ دنیا کے 195ممالک کے سامنے امن تجاویز بھی رکھیں۔

اس سب کے باوجود بھارت نے عالمی برادری کے سامنے ڈھٹائی کا ثبوت دیا ہے کشمیر کے مسئلے کا واحد حل یہ ہے کہ ڈیڑھ کروڑ سے زائد کشمیر یوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا جائے ۔ اپنے ایک انٹرویو انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں بھارت نے تمام دنیا کے سامنے استصواب رائے کروانے کا وعدہ کیا تھا اور سلامتی کونسل نے اس حوالے سے قراردادیں بھی منظور کی تھیں آج تک مسئلہ کشمیر حل طلب ہے پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی پشت پر چٹان کی طرح کھڑا ہے ۔

(جاری ہے)

دنیا کے تمام اہم ترین رہنماؤں نے پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور بہادر افواج پاکستان کو ضرب عضب کی کامیابی پر کھل کر داد دی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے دوران پاکستانی قوم کی قربانی کو قابل ستائش قرار دیا ہے ۔ بھارت پاکستان میں امن پسند ماحول دیکھ کر پریشان ہے اور اسی وجہ سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی کشمیریوں کے ساتھ وابستگی مضبوط ہے اور اقوام متحدہ میں پاکستانی قوم کی اسی کمٹمنٹ کا اظہار کیا گیا ہے ۔