عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم و بربریت سے روکیں‘مطلوب انقلابی

جمعرات 10 دسمبر 2015 15:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے وزیر ہائر ایجوکیشن،انفارمیشن ٹیکنالوجی(ٹیوٹا) محمد مطلوب انقلابی نے کہا ہے کہ آج کے دن ہم اقوام عالم اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم و بربریت سے روکے اور مقبو ضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلا ف ورزیوں کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا دباؤ بڑھائیں۔

حکومت آزاد کشمیر وزیر اعظم آزاد کشمیر کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر کے عوا م کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی اور تحریک آزاد ی کشمیر کی کامیابی اور اسکے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار محمد مطلوب انقلابی نے جمعرات کے روز سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے آزاد کشمیر کے سیکرٹری اطلاعات سید ظہور الحسن گیلانی، وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس مشاق الاسلام، میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر، ڈائریکٹر جموں وکشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد احمد خان،حریت کانفرنس کے رہنماء پرویز ایڈوکیٹ، عزیر غزالی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر آزاد کشمیر کے ڈائریکٹر اطلاعات راجہ اظہر اقبال ،سکولوں کے طلباء اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد مطلوب انقلابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزاد ی میں ہماری ماؤں ،بہنوں ،بیٹیوں اور جوانوں اور بوڑھوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور ایک نہ ایک دن ہندوستان کو کشمیر چھوڑنا ہو گا۔ وزیر حکومت نے کہا کہ ہم آج کے دن اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور ہندوستان کو کشمیری عوام پرظلم و ستم سے باز رکھے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ہم مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی میں قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس مشاق الاسلام نے کہا کہ گزشتہ 67سال سے بھارت کی طرف سے مظلوم کشمیریوں پرسنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں جن کا آج تک اقوام متحدہ ،انسانی حقوق کے علمبرداروں نے کوئی نوٹس نہیں لیا جو کہ اقوام متحدہ کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے ۔

آج کشمیریوں کی عظیم قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے جسے بھارت کسی بھی سطح پر نظر انداز نہیں کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آج عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فی الفور مسئلہ کشمیر حل کروانے میں اپنا کردا ر ادا کرے۔ بھارتی افواج کی طرف سے نوجوان نسل کو ٹارگٹ کرنا شرمناک عمل ہے جسکی شدید مذمت کرتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات سید ظہور الحسن گیلانی نے کہا کہ آج کے دن ہم انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام عالم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کروانے کیلئے دباؤ بڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں عالمی اداروں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہندوستان کو مقبو ضہ کشمیر چھوڑنا پڑے گا اور کشمیریوں کو آزادی دینا ہو گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میرنے کہا کہ آج ہندوستان کی آٹھ لاکھ فو ج نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کی انتہا کر رکھی ہے اور کشمیری عوا م پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے۔ ہم اس موقع پر عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان کو کشمیری عوام پر ظلم وستم سے باز رکھے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق خود ارادیت دلانے کیلئے دباؤ بڑھائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات میں کشمیری بھی فریق ہیں ۔کشمیریوں کی مرضی کے بغیر مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم و ستم کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔تقریب کے بعد اقوام متحدہ کے دفتر تک ریلی بھی نکالی گئی اور اقوام متحدہ کے حکام کو یاداشت بھی پیش کی گئی ۔ ریلی کی قیادت وزیر حکومت محمد مطلوب انقلابی ، مشتاق الاسلام،سیکرٹری اطلاعات سید ظہور الحسن گیلانی ،میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر نے کی۔

متعلقہ عنوان :