برسلزمیں پاکستانی ، کشمیری تارکین وطن کا آرمی پبلک سکول پشاور کے طلبہ کو خراج عقیدت

کشمیری دہشت گردی کا شکار افراد کے لواحقین کے دکھ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں، علی رضاء سید

جمعرات 17 دسمبر 2015 17:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 دسمبر۔2015ء) بلجیم میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں اور کشمیریوں نے برسلز میں منعقدہ ایک تقریب میں آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء اور دنیا بھر خاص طور پر فرانس میں حال ہی میں دہشت گردی میں مارے جانے شہریوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ’دہشت گردی پشاور سے پیرس تک قابل مذمت‘ کے عنوان کے تحت منعقدہ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد میں شریک تھی۔

(جاری ہے)

تقریب کے شرکاء نے دہشت گردی کا شکار افراد کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔تقریب کے مقررین میں یورپی یونین کے سابق سفیر انتھونی کریسنر، پاکستانی سفارتخانے کے کونسلر محمود اختر، کشمیریونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید اور برسلز پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹر منظور ظہور شامل تھے۔ علی رضا سید نے اپنی تقریر میں کہا کہ کشمیری دہشت گردی کا شکار افراد کے لواحقین کے دکھ درد کو اچھی طرح سے سمجھ سکتے ہیں کیونکہ وہ خود کئی دہائیوں سے بڑے پیمانے پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔