بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوان کی شہادت پر پلوامہ میں مسلسل چوتھے روز بھی ہڑتال،فوڈ سیکیورٹی ایکٹ کیخلاف گاندربل میں احتجاجی مظاہرے

منگل 29 دسمبر 2015 16:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 دسمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حال ہی میں نوجوان کی شہادت پرپلوامہ قصبے میں مسلسل چوتھے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔اطلاعات کے مطابق نوجوان عمیس احمد شمالی کشمیر کے ضلع میں جمعرات کوبھارتی فوج کیساتھ ایک جھڑپ میں شہید ہوگئے تھے ۔ قصبے میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی اورعلاقہ ویرانی کا منظر پیش کرتا رہا۔

شہید نوجوان کے چہارم کے موقع پر علاقے میں بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروں کی بھاری نفری کی تعیناتی کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج رہے جبکہ اس موقع پر بھارتی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوتی رہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کئی بار نوجوانوں نے چاٹہ پورہ میں فوجیوں پر پتھراؤ کیاجبکہ علاقے میں بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے گئے اور سبز ہلالی پرچم بھی لہرائے گئے ۔

فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور پیر گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ۔ اس دوران سینکڑوں لوگوں نے جلوس کی صورت میں شہید پارک تک مارچ کیااور پارک میں عمیس کے حق میں اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی۔دریں اثناء گاندربل کے علاقے بیہامہ میں لوگوں نے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد افرا د زخمی ہو گئے۔لوگوں نے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے نفاذ کے خلاف سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کی آمد ورفت معطل کر دی ۔

متعلقہ عنوان :