مسئلہ کشمیر حل ہونے تک برصغیر میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا،سید صلاح الدین

بدھ 6 جنوری 2016 13:04

مظفر آباد ۔ 06 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 جنوری۔2016ء) متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے 23برس پہلے آج ہی دن بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سوپور میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کوکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، برصغیر میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید صلاح الدین نے شہداء سوپور اور یوم حق خود ارادیت کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ جموں و کشمیر کے آزادی پسند عوام کو دیوار سے لگا کر اور ان پر اپنا جابرانہ تسلط قائم رکھ کر خطے میں امن آسکتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے۔انہوں نے کہ جب تک اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے عین مطا بق کشمیریوں کی اپنا پیدائشی حق نہیں دیا جاتا اور انکی رائے کا احترام نہیں کیا جاتا، کشمیری عوام چین سے نہیں رہیں گے۔

(جاری ہے)

سید صلاح الدین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرنے سے پورا جنوبی ایشیا متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کے خلاف نہیں ہیں اورہماری خواہش ہے کہ مسئلہ کشمیرپر امن طریقے سے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہوجائے تاہم بھارتی قیادت مذاکرات برائے مذاکرات کے اصولوں پر عمل پیرا ہے اور وہ مذاکرات کی آڑ میں مسئلہ کشمیر کو طول دے کر اپنا فوجی قبضہ مستحکم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء سوپور کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جائے گا اورحریت پسند عوام اور مجا ہدین جد وجہد آزادی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کو شش کو ناکام بنا دینگے۔