دارالحکومت مظفرآباد میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے باہر ملازمین کا شدید احتجاج

تاحال ہیلتھ الاؤنس کی بلاتحصیص ادائیگی اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تنخواؤں کی ادائیگی نہیں کی گئی

جمعرات 11 فروری 2016 14:47

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) محکمہ صحت کے ملازمین کو بلا تخصیص ہیلتھ الاؤنس نہ ملنے اور لیڈ ی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلا ف آزادکشمیر بھر میں ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن (ر) کی کال پر ہسپتالوں اور دفاتر ھاء کے ملازمین کے شدید بارش و برفباری کے باوجود احتجاجی مظاہرے۔

دارالحکومت مظفرآباد میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے باہر شدید احتجاج کیا گیا۔ چیف سیکرٹری‘ سیکرٹری صحت‘ ڈی جی ہیلتھ کی یقین دہانی پر یکم مئی تک احتجاج موخر کردیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مورخہ، 13 ،14 ، 16 ستمبر2015 ء کو ہونے والے ہیلتھ الاؤنس کے ہونیوالے نوٹیفکیشن کے بعد پانچ ماہ گزرنے کے باوجود تاحال ہیلتھ الاؤنس کی بلاتحصیص ادائیگی اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تنخواؤں کی ادائیگی نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

محکمہ مالیات نے CAD کو مورخہ27دسمبر2015 کو اس معاملہ پر مکتوب تحریر کیا ۔ مگر ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود ہیلتھ الاؤنس کے سلسلہ میں جواب نہیں آیا۔ جس کی ذمہ داراعلٰی بیوروکریسی ہے۔ پچھلی مکمل ہڑتال اسی وعدہ کی بناء پر مئوخر کی گئی تھی کہ ہیلتھ الاؤنس کی ادائیگی کیلئے احکامات جاری کیئے جائیں گے۔ مگر تاحال کوئی پراگریس نہیں ہوئی۔

جس کی وجہ سے ملازمین بے چینی کا شکار ہیں۔ملازمین نے چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) سیکرٹری مالیات سے مطالبہ کیا ھیکہ فی الفور ہیلتھ الاؤنس کی بلاتحصیص ادائیگی کیلئے محکمہ حسابات کو ہدایات جاری فرمائی جائیں۔ بصورت دیگر یکم مئی سے مکمل تالہ بند ہڑتال کرینگے۔ چیف سیکرٹری سے اپیل کرتے ہیں کہ اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہارطارق جاوید چوہدری مرکزی صدر پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی (ر)ہیلتھ ایمپلائز آرگنائزیشن، غلا م جیلانی میر سرپرست اعلیٰ HEO‘ میر محمد عارف صدر HEO ‘ ملک اشراف سیکرٹری جنرل ڈیمو کریٹک یونٹی ‘ سجاد اعوان صدرHEOدفاتر ہا‘ مجتبیٰ اکبر ‘ رانا رضوان‘ میر اعجاز‘ اقبال اعوان ‘یسرب بشیر صدرLHWs ، و دیگر مقررین نے کیا۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری‘ سیکرٹری صحت‘ ڈی جی ہیلتھ کی یقین دہانی پر ملازمین نے احتجاج کو یکم مئی تک موخر کردیا اور صحت ملازمین نے کہا کہ اگر ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ کیاگیا تو یکم مئی سے مکمل تالہ بند ہڑتال کرینگے۔

متعلقہ عنوان :